حج 2023: عازمین حج کی خدمت انجام دینے والے کارکنان کی ممبئی ایئرپورٹ میں ’نو انٹری‘ سے بے چینی

حجاج کرام کی خدمت انجام دینے والی تنظیموں نے مرکزی حج کمیٹی سے ایئرپورٹ داخلہ پاس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ محی الدین التمش</p></div>

تصویر بشکریہ محی الدین التمش

user

محی الدین التمش

ممبئی: 7 مئی سے مہاراشٹر کے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے۔ عازمین کی روانگی اور واپسی کے دوران خادم الحجاج تنظیمیں اور این جی اوز عازمینِ حج کی خدمت انجام دیتی ہیں۔ انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ تاہم مرکزی حج کمیٹی نے ایک مکتوب جاری کرتے ہوئے عازمین حج کی خدمت انجام دینے والی تنظیموں کو سیکورٹی وجوہات کی بناء پر ایئرپورٹ میں داخل ہونے سے منع کر دیا ہے۔

مرکزی حج کمیٹی کے اس نئے حکم نامے سے ممبئی میں برسہا برس سے عازمین حج کی خدمت انجام دینے والی تنظیموں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ ان آٹھ تنظیموں کے نمائندہ وفد مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر یعقوب شیخا سے ممبئی حج ہاؤس میں ملاقات کی اور حجاج کرام کی خدمت انجام دینے والی تنظیموں کے رضاکاروں پر ایئرپورٹ میں داخلے پر عائد پابندی کے متعلق گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان تنظیموں کے نمائندوں نے ایئرپورٹ میں داخلے پر عائد پابندی ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔


یاد رہے کہ حج کے ایام میں عازمین حج کی خدمت انجام دینے والے کارکنان کے ذریعے حج ہاؤس سے لے کر ایئرپورٹ تک بلامعاوضہ اور بلامفاد خدمت انجام دی جاتی ہے۔ اس کام میں ممبئی کی دس سے پندرہ خادم الحجاج تنظیمیں اہم رول ادا کرتی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ محی الدین التمش</p></div>

تصویر بشکریہ محی الدین التمش

مرکزی و ریاستی حج کمیٹی کے سابق رکن اور خادم الحجاج تنظیم لبیک گروپ کے سربراہ ابراہیم بھائی جان نے سی ای او سے میٹنگ کے دوران عازمین حج کی خدمت کرنے کے لیے کارکنان کو پاس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ داؤد حنفی اور دیگر خادم الحجاج تنظیموں کے نمائندوں نے بھی عازمین کو ہونے والی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے ایئرپورٹ میں داخلے کی اجازت طلب کی۔


مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر یعقوب شیخا نے وفد سے کہا کہ حج کمیٹی کو عازمین حج کی خدمت کرنے والوں سے کوئی بیر نہیں ہے۔ آپ لوگ عازمین حج کی بہتر خدمت انجام دیتے آئے ہیں۔ حج کمیٹی ان خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔ لیکن مرکزی حج کمیٹی کو مرکزی وزارت کی جانب سے جو حکم دیا گیا ہے اس پر عمل آوری کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ سی ای او نے کہا کہ عازمین حج کی خدمات حج ہاؤس اور ایئرپورٹ کے باہر کی جا سکتی ہے لیکن ایئرپورٹ میں داخلے کو مرکزی حکومت نے سیکورٹی کے تناظر میں ممنوع قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ عازمین حج کی روانگی کی فلائٹ شروع ہونے سے قبل ہی خدمت کرنے والے کارکنان ممبئی ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں ڈیرہ ڈال دیتے تھے اور یہیں سے عازمین کی خدمت انجام دیتے تھے۔ عازمین کو لانا اور لے جانا، احرام باندھنا، ارکان کی تفصیل کے ساتھ رہنمائی کا کام یہیں سے انجام دیا جاتا تھا۔ عازمین کی خدمت کا یہ کام گزشتہ کئی برسوں سے جاری تھا جسے مرکزی حکومت نے اچانک بند کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔