حج 2020: فارم بھرنے کا سلسلہ 10 اکتوبر سے 10 نومبر تک جاری رہے گا

وزارت اقلیتی امور، حکومت ہند اور حج کمیٹی آف انڈیاکے اعلان کے مطابق فریضہ حج بیت اللہ 2020 کی ادائیگی کے لیے فارم بھرنے کا سلسلہ 10 اکتوبر 2019 سے شروع ہوکر آئندہ ماہ 10 نومبر 2019 تک جاری رہے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزارت اقلیتی امور، حکومت ہند اور حج کمیٹی آف انڈیاکے اعلان کے مطابق فریضہ حج بیت اللہ 2020 کی ادائیگی کے لیے فارم بھرنے کا سلسلہ 10 اکتوبر 2019 سے شروع ہوکر آئندہ ماہ 10 نومبر 2019 تک جاری رہے گا۔ اس سال حج فارم پر کرنے کے عمل میں مزید سہولیت اور شفافیت لانے کے لیے صرف آن لائن فارم بھرے جا رہے ہیں۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی کے مطابق حج 2020کے فارم بھرنے کے لیے ضروری انتظامات کی فراہمی کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل میں چیئرمین عاصم احمد خان (ایم ایل اے مٹیا محل) کی صدارت میں ایک اہم اور فوری میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کمیٹی کے ممبران محمد ارشاد اور سید شاداب حسین رضوی اشرفی بھی موجود تھے۔میٹنگ میں عاصم احمد خان نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اس سال حج فارم بھرنے کے لیے نئے طرز عمل کو یقینی بنانے اور دہلی کے درخواست گذار عازمین کو اس سلسلے میں درپیش مسائل اور دشواریوں کے ازالے کے لیے ترکمان گیٹ،آصف علی روڈ پر واقع حج منزل میں تمام تر جدید سہولیات پر مشتمل آن لائن سہولیات سے آراستہ (ای سہولیات سینٹر)قائم کیا جائے گا جہاں آن لائن فارم بھرنے اور مطلوبہ دستاویزات اپلوڈ کرنے سے لے کر فوٹو کاپی، فوٹو گرافی اور آن لائن رقم جمع کرنے کے کاوئنٹر جیسی تمام تر سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوگی۔آن لائن حج فارم بھرنے کے لیے حج کمیٹی کی جانب سے قائم ای سہولیات سینٹر ہفتہ اتوار اور تعطیل کے دنوں کے علاوہ صبح 10:00بجے سے شام4:00 تک کھلا ہوگا۔


دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی دہلی کے عازمین کو زیادہ سے زیادہ اور بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرتی رہی ہے۔اس سال اس سے مزید بہتر بناتے ہوئے بعض دوسری سہولیات بھی دستیاب کرائی جا رہی ہیں۔جناب عاصم احمد خان نے دہلی کے طول و عرض میں موجود تمام تر رضاکار تنظیموں اور اداروں سے اپنی اپنی سطح پر اور اپنے اپنے علاقے میں عازمین حج کے لیے ای فارم بھرنے میں زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کی اپیل کی۔اس کے علاوہ عازمین حج منزل میں ہفتہ اتوار اور تعطیل کے دنوں کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفترحج منزل ترکمان گیٹ آصف علی روڈ، نئی دہلی110002-سے صبح10:00بجے سے شام4:00تک کرا سکتے ہیں۔

واضح ہو کہ اس سال درخواست گذار عازمین کو آن لائن فارم بھرنے کے بعدریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں اپنے فارم اور مطلوبہ کاغذات کی کاپی جمع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔بھرے ہوئے فارم کی کاپی اور مطلوبہ کاغذات قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کے بعد حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرنا ہوگی۔ایسے درخواست گذارجو آن لائن فارم بھرتے وقت اپنے پاسپورٹ کے پہلے اور آخری صفحہ کی علاحدہ علاحدہ اسکین کاپی،پاسپورٹ سائز فوٹو، 300روپیے کی پے ان سلیپ اور موجودہ رہائشی پتہ پاسپورٹ میں درج پتے سے مختلف ہونے کی صورت میں رہائشی پتے کے لیے مطلوبہ دوسرے قابل قبول دستاویز (آدھار کارڈ، بجلی یا پانی کاموجودہ بل، بینک پاس بک)کی اسکین کاپی فارم کے ساتھ اپلوڈنہ کرسکیں ان کے لیے آن لائن بھرے ہوئے فارم کی پرنٹ کاپی مذکورہ کاغذات کے ساتھ حج کمیٹی کے دفتر میں کر نا ضروری ہوگا۔ایسی درخواستوں کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعے آن لائن اپلوڈکرکے مکمل کیا جائے گا۔


واضح ہوکہ تمام درخواست گذار کے لیے یہ بات ضروری ہوگی کہ آن لائن فارم پر کرنے کے بعد اپنے فارم کی پرنٹ کاپی یا بعد میں آن لائن پرنٹ کاپی حاصل کرنے کے لیے ضروری حوالے /یوزرآئی ڈی اور پاس ورڈ کو محفوظ رکھیں تاکہ حج کے لیے منتخب ہونے کے بعد انہیں حج کمیٹی میں بر وقت جمع کرا سکیں۔درخواست گذار عازمین کو کور نمبر کی فراہمی دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعے ان کے فارم کی آن لائن تصدیق کے بعد فراہم کی جائے گی جس کی اطلاع ان کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پرپہلے ہی دستیاب ہو جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔