’کانگریس برسراقتدار رہتی تو شاید یہ میٹنگ بھی ہندوستان میں ہوتی‘، جی-3 میٹنگ سے متعلق راہل کے بیان پر کھیڑا کا تبصرہ
کانگریس لیڈر پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ ’ٹی پی منتری‘ کی بدولت عالمی سطح پر ہماری حیثیت لفظی اور معنوی دونوں اعتبار سے خاموش تماشائیوں جیسی ہو کر رہ گئی ہے۔

چین کے شینزین شہر میں چینی صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادمیر پوتن کی ہوئی میٹنگ سرخیوں میں ہے۔ ’جی-3‘ کے نام سے مشہور اس میٹنگ کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے آج صبح راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ’’اگر کانگریس کی حکومت ہوتی تو ہندوستان کے وزیر اعظم بھی ان تینوں لیڈران کے ساتھ ایک ہی میز پر بیٹھے ہوتے۔‘‘ یہ بیان وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی خارجہ پالیسیوں پر براہ راست حملہ ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے اس تبصرہ پر اب کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے راہل گاندھی کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اگر کانگریس اقتدار میں ہوتی تو شاید یہ میٹنگ بھی ہندوستان میں ہو رہی ہوتی۔‘‘
پون کھیڑا نے اپنے تبصرہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کو ’ٹی پی منتری‘ کہہ کر زوردار حملہ بھی کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اس وقت ’ٹی پی منتری‘ (ٹیلی پرامپٹر منتری) کی بدولت عالمی سطح پر ہماری حیثیت لفظی اور معنوی، دونوں اعتبار سے خاموش تماشائیوں جیسی ہو کر رہ گئی ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم کو موجودہ عالمی منظرنامہ میں ایک لیڈر بن کر ابھرنا چاہیے تھا، لیکن وہ صرف خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
پون کھیڑا نے راہل گاندھی کی اس سوشل میڈیا پوسٹ پر بھی اپنا تبصرہ کیا ہے، جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ ’’میں اس بات سے کافی حیران ہوں کہ پاکستان ایرانیوں اور امریکیوں کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہے، جبکہ ہندوستان صرف تماشہ دیکھ رہا ہے۔‘‘ اس بارے میں پون کھیڑا نے راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ہندوستان کو جو کردار ادا کرنے کی خواہش رکھنی چاہیے، اس کی نہایت فکر انگیز اور بروقت وضاحت کی گئی ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہندوستان کے پاس تہذیبی گہرائی، سفارتی تجربہ، معاشی قوت اور اسٹریٹجک تعلقات موجود ہیں، جن کی مدد سے وہ ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔‘‘
عالمی سطح پر ہندوستان کی موجودہ حالت پر اظہارِ فکر کرتے ہوئے پون کھیڑا نے لکھا کہ ’’ہندوستان اس عالمی میز پر اپنی جگہ اور ایسی آواز کا مستحق ہے، جسے سنا جائے۔‘‘ اس سوشل میڈیا پوسٹ میں وہ حالات میں تبدیلی کی ترکیب بھی بتاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’دنیا میں ہندوستان کو اپنا مضبوط مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے ہمیں ایسی قیادت کی ضرورت ہے، جو ہندوستان کی صلاحیتوں کو سمجھتی ہو۔ اور ایسا ہونے کے لیے مودی کا جانا ضروری ہے۔‘‘
