26 جنوری سے شروع ہوگی ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم، کانگریس نے پیش کیا پورا خاکہ، 2 ماہ تک چلے گا پروگرام

ڈاکٹر مدن موہن جھا نے بتایا کہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم تین سطح پر چلائی جائے گی (1) بلاک سطح، (2) ضلع سطح، اور (3) ریاستی سطح۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بذریعہ پریس ریلیز</p></div>

تصویر بذریعہ پریس ریلیز

user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے 26 جنوری سے 25 مارچ تک چلنے والی ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی تفصیل آج ایک پریس کانفرنس کے دوران پیش کی۔ اس دوران بتایا گیا کہ ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کا پبلک ڈائیلاگ پروگرام ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی کامیابی کی وسیع شکل ہوگی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہم کے کانگریس انچارج ڈاکٹر مدن موہن جھا نے بتایا کہ ’’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم بلاک سطح پر افتتاحی میٹنگ کے ساتھ شروع کیا جائے گا۔ دو ماہ کے پروگرام میں کانگریس کارکنان بوتھ سطح تک دہلی کے باشندوں سے رابطہ کریں گے اور ڈور ٹو ڈور رابطہ کے ذریعہ بھارت جوڑو یاترا کے اصل پیغام کو دہلی باشندوں تک پہنچائیں گے۔‘‘

ڈاکٹر مدن موہن جھا نے بتایا کہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم تین سطح پر چلائی جائے گی۔ (1) بلاک سطح، (2) ضلع سطح، اور (3) ریاستی سطح۔ ریاستی سطح پر ایک عظیم الشان تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں کانگریس کی اعلیٰ قیادت بھی خطاب کرے گی۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم میں علاقہ وار ریاست کے سبھی سابق اراکین پارلیمنٹ، ضلع صدور، کانگریس کمیٹی و دہلی ریاستی کانگریس کے عہدیداران، بلاک صدور، ضلع کوآرڈنیٹرس، سابق اراکین اسمبلی، میونسپل کونسلر، سابق میونسپل کونسلر سمیت ہر بوتھ کے کارکنان ترجیحی بنیاد پر حصہ لیں گے۔


اس موقع پر کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین اور سابق رکن اسمبلی انل بھاردواج نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئے 26 جنوری کو ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پروگرام کی شروعات کی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے تحت یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی پورے بلاک میں بائک ریلی کا انعقاد بھی کرے گی۔ اس مہم کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب، واٹس ایپ وغیرہ سبھی ذرائع کا استعمال کیا جائے گا۔

بھارت جوڑو یاترا کے کوآرڈنیٹر و دہلی کے سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمارے لیڈر راہل گاندھی 30 جنوری کو کشمیر میں پرچم لہرا کر بھارت جوڑو یاترا کا اختتام کریں گے۔ اس عظیم الشان پیدل یاترا کو پوری دہلی میں ہر گھر تک پہنچایا جائے گا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے تحت دہلی کے ہر گھر تک بھارت جوڑو یاترا کے پیغام کو پہنچایا جائے گا، کیونکہ ایک طے پروگرام کے سبب راہل گاندھی جی کی بھارت جوڑو یاترا پورے علاقہ کا احاطہ نہیں کر سکتی۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم میں خاص توجہ نوجوانوں پر دی جائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔