’گیانیش کمار کے سیاہ کارنامے لگاتار سامنے آ رہے ہیں‘، الیکشن کمیشن کو عدالت کی پھٹکار پر کانگریس کا تلخ تبصرہ
کانگریس کا کہنا ہے کہ مودی کے حخم پر گیانیش کمار ’ووٹ چوری‘ کو انجام دے رہے ہیں اور اب سطح در سطح ان کے سیاہ کارنامے سامنے آ رہے ہیں۔ انھیں فوراً عہدہ سے ہٹا کر گرفتار کیا جانا چاہیے۔

ایس آئی آر سے متعلق ایک معاملہ میں بامبے ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو سخت پھٹکار لگائی ہے۔ یہ خبر کئی اخبارات میں شائع ہوئی ہے، جن میں سے ایک خبر کا تراشہ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کر کہا ہے کہ ’’سطح در سطح گیانیش کمار کےس یاہ کارنامے سامنے آ رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی اپوزیشن پارٹی نے ایک بار پھر چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے سب سے پہلے بامبے ہائی کورٹ کا ایک تبصرہ پیش کیا ہے، جس میں عدالت نے الیکشن کمیشن کی خوب کلاس لگائی ہے۔ بامبے ہائی کورٹ نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے کہا کہ ’’سارے قانون بھول جاؤ اور صرف سافٹ ویئر کے پیچھے بھاگو۔‘‘ کانگریس نے مطلع کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کی دھاندلی سے گوا میں گڑبڑی کی تھی، جس کے خلاف لوگ ہائی کورٹ پہنچے، وہیں الیکشن کمیشن کو عدالت سے یہ پھٹکار لگی۔
کانگریس نے بتایا کہ عرضی پر سماعت کے دوران عدالت نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ ایس آئی آر نے حقیقی معنوں میں پورے سسٹم کو سسپنڈ کر دیا ہے اور کہتا ہے کہ سارے قوانین کو بھول جاؤ اور صرف سافٹ ویئر کو مانو، لیکن ایسا بالکل نہیں چل سکتا۔ ساتھ ہی عدالت نے کہا کہ ’’ہمیں قانون دکھائیں کہ بغیر سماعت کے نام ہٹانے کا اختیار الیکشن کمیشن کو کس نے دیا؟‘‘ بامبے ہائی کورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ کوئی بھی ووٹر نہ چھوٹے، لیکن 6 لوگ عدالت پہنچ گئے ہیں اور معلوم نہیں مزید کتنے ہیں جو عدالت نہیں پہنچ سکے۔
کانگریس نے اپنی پوسٹ میں بتایا ہے کہ یہ معاملہ گوا کے ایک ہی کنبہ کے 6 لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹنے سے جڑا تھا، جبکہ انھوں نے اپنا پتہ بدلنے کی جانکاری فارم-8 بھر کر الیکشن کمیشن کو دی تھی۔ کانگریس کے مطابق جب یہ معاملہ عدالت پہنچا تو الیکشن کمیشن کو واضح لفظوں میں کہا گیا کہ ای آر او کے پاس سافٹ ویئر کی مکمل رسائی ہونی چاہیے تاکہ وہ اس میں جانکاری ڈال یا ہٹا سکیں۔ یہ رسائی کسی تیسرے شخص کے پاس نہیں ہو سکتی۔
اس پورے معاملہ کو سامنے رکھنے کے بعد کانگریس نے حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’صاف ہے، مودی کے حکم پر گیانیش کمار ’ووٹ چوری‘ کو انجام دے رہے ہیں، اور اب سطح در سطح ان کے سیاہ کارنامے سامنے آ رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ’’گیانیش کمار کو فوراً عہدہ سے ہٹانا چاہیے اور ان کی گرفتاری ہونی چاہیے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
