گیان واپی مسجد: وارانسی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضی پر آج سماعت کرے گا الہ آباد ہائی کورٹ

عرضی میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت عرضی گزاروں کو کاشی وشوناتھ مندر کے قدمی احاطہ میں بھگوان آدی وشویشور کی پوجا کرنے سے روک رہی ہے

وارانسی کی گیان واپی مسجد، تصویر آئی اے این ایس
وارانسی کی گیان واپی مسجد، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

وارانسی: الہ آباد ہائی کورٹ آج وارانسی کی ضلعی عدالت کے اس فیصلے کے خلاف دائر عرضی پر سماعت کرے گا جس میں گیان واپی مسجد کے احاطہ میں بھگوان آدی وشویشور کی پوجا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ وارانسی کی ضلعی عدالت نے اس عرضی پر فوری سماعت سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد عرضی گزاروں نے اس فیصلے کو الہ آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

خیال رہے کہ گیان واپی مسجد کے احاطہ میں آدی وشویشور کی باقاعدہ پوجا کی اجازت دینے کی عرضی وارانسی کی خواتین وکلاء انوشکا تیواری اور اندو تیواری نے دائر کی تھی۔ عرضی گزاروں نے فریقین کو نوٹس دیے بغیر معاملے کی فوری سماعت کرنے کی اپیل کی تھی۔ تاہم وارانسی کے سول جج سینئر ڈویژن نے 2 اگست کو اس معاملہ پر فوری سماعت سے انکار کر دیا تھا۔ اسی فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ کے جسٹس وویک چودھری کی سنگل بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گی۔


اس دیوانی مقدمہ میں دائر 80سی کی درخواست کو سول جج نے یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ اس معاملے کی فوری سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔ جبکہ عرضی گزاروں کا موقف ہے کہ 2 دیگر دیوانی معاملوں میں ایسی ہی درخواستیں قبول کی گئی ہیں۔ لہذا سول جج کے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی گئی۔

عرضی میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت عرضی گزاروں کو کاشی وشوناتھ مندر کے قدیمی احاطے میں بھگوان آدی وشویشور کی پوجا کرنے اور جل ابھیشیک وغیرہ کرنے سے روک رہی ہے۔ نیز حکومت نے پورے گیان واپی مسجد احاطہ کو آہنی رکاوٹوں سے سیل کر دیا ہے، جبکہ ہندوؤں کو یہاں پوجا کرنے کا حق ہے۔ عرضی گزاروں کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت انہیں وہاں پوجا کرنے سے نہیں روک سکتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔