گوالیار سڑک حادثہ: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کا اظہار افسوس

کھڑگے نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش کے گوالیار میں شیتلا ماتا مندر کے قریب بے قابو ٹرک کی زد میں آنے سے عقیدت مندوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، ملکارجن کھڑگے / سوشل میڈیا</p></div>
i

مدھیہ پردیش کے گوالیار میں پیش آئے دردناک سڑک حادثہ پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گوالیار کے شیتلا ماتا مندر کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک بے قابو ٹرک کی زد میں آنے کے باعث کم از کم 15 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے۔ کھڑگے نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش کے گوالیار میں شیتلا ماتا مندر کے قریب بے قابو ٹرک کی زد میں آنے سے عقیدت مندوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ اس دردناک حادثہ میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کے تئیں میری گہری تعزیت ہے۔ میں ایشور سے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہوں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ریاستی حکومت سے توقع ہے کہ وہ زخمیوں کو فوری طبی سہولیات، متاثرہ خاندانوں کو فوری مناسب معاوضہ اور ہر ممکن مدد فراہم کرنا یقینی بنائے۔ ایسے حادثات بھیڑ کے انتظامات پر سوال کھڑے کرتے ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کی جوابدہی طے ہونی چاہیے۔‘‘

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش کے گوالیار میں شیتلا ماتا مندر کے قریب بے قابو ٹرک کی وجہ سے پیش آئے خوفناک حادثہ میں کئی عقیدت مندوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ اس حادثہ میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے سوگوار خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ غم کے اس وقت میں ان کے ساتھ ہوں۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی امید کرتا ہوں۔‘‘


کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش کے گوالیار میں شیتلا ماتا مندر کے قریب بے قابو ٹرک کی زد میں آنے سے بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ ایشور مرحومین کی روحوں کو سکون عطا کرے۔ اس افسوسناک واقعہ میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں کے تئیں میری گہری تعزیت ہے۔ زخمی عقیدت مندوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتی ہوں۔‘‘

گوالیار میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ پر کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش کے گوالیار میں شیتلا ماتا مندر کے قریب ٹرک کی زد میں آنے سے کئی عقیدت مندوں کی موت کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ایشور سے دعا ہے کہ مرحومین کی روحوں کو سکون عطا کرے اور سوگوار اہل خانہ کو یہ دکھ برداشت کرنے کی طاقت دے۔ اس مشکل وقت میں ہماری تعزیت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔