گروگرام : پلاسٹک فیکٹری اور گوداموں میں خوفناک آتشزدگی، 6 سوسائٹیوں میں دھواں داخل ہونے کے سبب سانس لینا ہوا دشوار
ہریانہ کے بجگھیڑہ میں پلاسٹک اور اسکریپ ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی اور دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کر گئی۔ اس آگ نے قریب ہی واقع لکڑی کے 2 گوداموں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔

قومی راجدھانی سے ملحق ہریانہ کی صنعتی راجدھانی گروگرام میں اتوار کی صبح آتشزدگی کی 2 خوفناک وارداتوں سے لرز اٹھا۔ ہفتے کی رات سکندر پور میں 100 سے زیادہ جھگیاں جل کر خاکستر ہوگئیں اور اتوار کو علی الصبح بجگھیڑہ میں ایک پلاسٹک فیکٹری اور گودام میں زبردست آگ لگ گئی۔ آگ اتنی تباہ کن تھی کہ اس کا سیاہ دھواں کئی کلومیٹر دور تک دکھائی دے رہا تھا، جس سے آس پاس کی بلند و بالا سوسائٹیوں میں رہنے والے ہزاروں مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
بجگھیڑہ میں واقع ایک اسکریپ کرشنگ فیکٹری میں صبح 5 بجے کے قریب آگ کا پتہ چلا۔ پلاسٹک اور اسکریپ ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی اور دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کرگئی۔ اس آگ نے قریب ہی واقع لکڑی کے دو گوداموں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی نصف درجن سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ پلاسٹک کی وجہ سے آگ بار بار بھڑک رہی تھی اور اسے بجھانے میں تقریباً 4 گھنٹے سخت مشقت کرنی پڑی۔ لگے۔
جائے حادثہ کے قریب 5 سے 6 بڑی سوسائٹیاں اور بجگھیڑا گاؤں کی گنجان آبادی ہے۔ دھوئیں کا غبار فلیٹوں کے اندر پہنچ گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں پریشانی ہونے لگی۔ پولیس نے احتیاط کے طور پر آس پاس کے علاقے کو خالی کرا لیا اور رہائشیوں کو آگ سے دور رہنے کی ہدایت کی۔ اس سے پہلے ہفتے کی دیر رات سکندر پور کے قریب جھونپڑیوں میں زبردست آگ لگ گئی تھی۔ 100 سے زائد خاندانوں کے گھر راکھ ہو گئے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں اتوار کی صبح تک وہاں موجود رہیں اور سرچ اینڈ کولنگ آپریشنز کر رہی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔