گڑگاؤں: محافظ کے ہاتھوں زخمی جج کی بیوی فوت، کیا تبدیلی مذہب ہے واردات کی وجہ؟

سیکورٹی گارڈ مہیپال نے جج کی بیوی ریتو اور بیٹے دھرو کو سرِ بازار گولیوں سے چھلنی کر دیا، ریتو کی اسپتال میں موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہیپال 8 مہینے پہلے اپنا مذہب تبدیل کر چکا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گڑگاؤں (گروگرام) میں ہفتہ کی دوپہر ایڈیشنل ضلع جج اور سیشن جج کرشن کانت کی بیوی اور بیٹے کو ان کے ہی سیکورٹی اہلکار نے سرِ بازار گولیوں سے چھلنی کر دیا۔ واردات کے بعد موقع پر پہنچی پولس نے دونوں کو اسپتال میں داخل کرایا، جہاں علاج کے دوران جج کی بیوی ریتو زخموں کی تاب نہ لا سکیں اور چل بسیں۔ وہیں جج کے بیٹے دھرو کی بھی حالت نازک ہے اور وہ بھی زندگی اور موت کے بیچ جدوجہد کر رہا ہے۔

دہلی سے ملحق گڑگاؤں میں یہ دردناک واقعہ پیش آیا جس میں جج کی بیوی اور ان کے بیٹے پر قاتلانہ حملہ ہوا۔ ایڈیشنل سیشن جج کرشن کانت شرما کے بیٹے دھرو اور ان کی بیوی ریتو کو جج کے ہی سیکورٹی گارڈ مہیپال نے گولی مار دی۔

پولس نے سیکورٹی اہلکار مہیپال کو گرفتار کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔ معاملہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ہریانہ پولس نے جانچ کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ ڈی سی پی سلوچنا گجراج کی قیادت میں تشکیل شدہ ایس آئی ٹی میں ڈی سی پی، 2 اے سی پی اور 4 انسپکٹر شامل ہیں۔

واقعہ ہفتہ کے روز سہ پہر تقریباً 3.30 بجے کا ہے۔ جج کے خاندان کی حفاظت پر مامور سیکورٹی گارڈ مہیپال یادو کے ساتھ ان کی بیوی ریتو اور بیٹا دھرو خریداری کے لئے گڑگاؤں کے سیکٹر 51 میں واقع آرکیڈیا مارکیٹ گئے تھے۔ بازار میں جیسے ہی کار رکنے کے بعد ماں بیٹے باہر نکلے مہیپال نے ان پر گولیاں چلا دیں۔

جج کے بیٹے اور بیوی پر گولی چلائے جانے کی اطلاع ملنے کے بعد پولس محکمہ میں بھی کھلبلی مچ گئی۔ گولی چلانے والے مہیپال کو صدر تھانہ میں ایس ایچ او نے پکڑنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ ناکام رہے۔ واقعہ کی خبر ملتے ہی گڑگاؤں پولس کے اعلیٰ افسران بھی حرکت میں آئے اور پھر کہیں جا کر ملزم مہیپال کی گرفتاری عمل میں آئی۔

کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق مہیپال جج کی بیوی کے برے برتاؤ سے ناراض تھا اور اسی لیے غصے کے عالم میں گولی چلا دی۔ مہیپال نے ریتو کے سینے میں دو گولیاں داغیں اور بیٹے دھرو کے ماتھے پر بھی دو گولیاں ماریں۔ اس دوران مہیپال نے موقع پر موجود لوگوں سے کہا کہ کوئی بھی بیچ میں نہیں آئے گا، یہ شیطان (بیٹا دھرو) ہے اور یہ اس کی ماں (ریتو) ہے۔

مہیپال نے جس مقام پر جج کی بیوی اور بیٹے کو گولی ماری وہاں پر کافی بھیڑ جمع تھی۔ اس واقعہ کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں صاف نظر آ رہا ہے کہ سیکورٹی گارڈ نے جج کے بیٹے کو گولی مارنے کے بعد اسے کار میں بھی رکھنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ ناکام رہا اور فرار ہو گیا۔

کیا تبدیلی مذہب تھی واردات کی وجہ؟

مہیپال نے قتل کی اس واردات کو کیوں انجام دیا یہ ابھی صاف نہیں ہو پایا ہے۔ گڑگاؤں کے کمشنر نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران مہیپال جھنجھلا کر بات کرتا ہے اور صحیح جواب نہیں دے رہا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق 40 سالہ مہیپال یادو ڈیڑھ سال سے جج کرشن کانت کی حفاظت پر مامور ہے۔ تقریباً 8 مہینے قبل اس نے ہندو مذہب کو ترک کر کے عیسائی مذہب قبول کر لیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مذہبی باتوں پر جج کی بیوی کے ساتھ اس کی بحث ہوتی تھی۔ پولس حراست میں مہیپال نے کہا کہ تبدیلی مذہب کی بنیاد پر جج کی بیوی اسے پریشان کرتی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Oct 2018, 10:09 AM