گرو نانک دیو کے ’پرکاش پرو‘ پر راہل، پرینکا گاندھی اور کھڑگے نے دی نیک تمنائیں، انسانیت و مساوات کے پیغام کو کیا یاد
گرو نانک دیو کے 556 ویں پرکاش پرو کے موقع پر کانگریس کے رہنماؤں راہل، پرینکا گاندھی، کھڑگے، اشوک گہلوت اور بھوپیش بگھیل نے نیک تمنائیں پیش کیں اور انسانیت، یکجہتی و خدمت کے پیغام کو یاد کیا

سکھ مت کے بانی گرو نانک دیو جی کے 556 ویں پرکاش پرو کے موقع پر آج بدھ کے روز کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں نے ملک و قوم کو نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے ان کی تعلیمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، کانگریس رہنما پرینکا گاندھی واڈرا، سابق وزرائے اعلیٰ اشوک گہلوت اور بھوپیش بگھیل نے گرو نانک دیو کے عالمگیر پیغام کو انسانیت کی راہ دکھانے والا قرار دیا۔
راہل گاندھی نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) پوسٹ میں لکھا کہ ’’گرو نانک دیو کی رحم دلی، محبت، اخوت اور ’سربت دا بھلا‘ یعنی سب کے بھلے کی تعلیمات ہم سب کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ رہیں گی۔ ان کے اصول پوری انسانیت کے لیے ایک روشنی کا مینار ہیں جو ہمیں ہم آہنگی اور خدمت کے راستے پر چلنے کی تحریک دیتے ہیں۔ آپ سب کو گرو پورب کی لاکھ لاکھ بدھائیاں۔‘‘
ملکارجن کھڑگے نے اپنے پیغام میں کہا کہ گرو نانک دیو کے شاشوت (ابدی) علم نے نہ صرف سکھ دھرم کی بنیاد رکھی بلکہ انسانیت کو یکجہتی، ہمدردی، نِسوارتھ سیوا (بغیر کسی لالچ کے خدمت) اور مساوات کی راہ بھی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ گرو نانک دیو نے فرمایا تھا، ’’رحم دلی اور انکساری ہی انسان کے اصل زیور ہیں۔‘‘ کھڑگے نے اپیل کی کہ اس مقدس موقع پر ہم سچائی، امن، محبت اور سب کے بھلے کے اصولوں کو اپنا کر ان کی تعلیمات کو عملی جامہ پہنائیں۔
پرینکا گاندھی واڈرا نے اپنے پیغام میں کہا کہ گرو نانک دیو نے دنیا کو محبت، رحم دلی، خدمت، امن، مساوات اور اخلاقیات کا راستہ دکھایا۔ ان کی تعلیمات ہر عہد میں انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں ان کے اصولوں کو اپنی زندگی میں شامل کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔
سابق وزیراعلیٰ راجستھان اشوک گہلوت نے گرو نانک دیو کو انسانیت، ہمدردی اور مساوات کا پیامبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اقوال اور تعلیمات پوری انسانیت کے لیے بے حد قیمتی ہیں۔ گہلوت نے کہا کہ ہمیں ان کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں امن، انصاف اور بھائی چارہ قائم رہ سکے۔
چھتیس گڑھ کے سابق وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اپنے پیغام میں گرو نانک دیو کا ایک مشہور شبد یاد کرتے ہوئے لکھا، ’’کر کرپا تیرے گن گانوا، نانک نام جپت سُکھ پانوا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ گرو نانک دیو نے سچائی، اتحاد، محبت اور مساوات کا جو پیغام دیا، وہ آج بھی اتنا ہی اہم ہے۔ ان کے مطابق، گرو نانک دیو کی تعلیمات ہمیں نہ صرف مذہبی ہم آہنگی بلکہ سماجی انصاف کی راہ دکھاتی ہیں۔
ان تمام رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ گرو نانک دیو کے اصولوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں شامل کریں، کیونکہ انسانیت، محبت، خدمت اور سب کے بھلے کی خواہش، یہی ان کے پیغام کی حقیقی روح ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔