گڑگاؤں: سوہنا روڈ پر زیر تعمیر فلائی اوور کا ایک حصہ منہدم، دو مزدور زخمی

سوہنا روڈ کو بادشاہ پور سے منسلک کرنے والا یہ زیر تعمیر فلائی اوور 5 کلومیٹر لمبا ہے، اس کی تعمیر کا آغاز سال 2018 میں ہوا تھا اور تعمیر 707 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جا رہی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گڑگاؤں: دہلی سے ملحقہ گڑگاؤں کے سوہنا روڈ پر زیر تعمیر کا ایک حصہ اچانک منہدم ہونے کی اطلاع ہے۔ اس حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والے دونوں افراد مزدور ہیں اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کنکریٹ سے تعمیر شدہ فلائی اوور کا بہت بڑا سلیب تیز آواز کے ساتھ زمین پر آ پڑا۔ تاہم، اس وقت زیادہ لوگ جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے، لہذا بڑا حادثہ پیش نہیں آ سکا۔ فی الحال پولیس نے علاقے کو اپنے حصار میں لے لیا ہے۔

سوہنا روڈ اور بادشاہ پور کو منسلک کرنے والا یہ زیر تعمیر فلائی اوور 5 کلومیٹر لمبا ہے۔ اس کی تعمیر کا آغاز سال 2018 میں ہوا تھا اور اس کی تعمیر 707 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جا رہی ہے۔

ہریانہ کے نائب وزیر اعلی دشینت چوٹالہ نے بتایا کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کی ٹیم، علاقے کا ڈی سی اور سول ڈفینس کی ٹیم موقع پر موجود ہے۔


این ایچ اے آئی کے ایک عہدیدار نے بتایا، ’’جہاں یہ حادثہ پیش آیا تھا، سڑک کے اس حصہ کی توسیع پہلے ہی انجام دی جا چکی تھی اور کام مکمل ہو چکا تھا۔ کاسٹنگ اور اسٹریسنگ بھی مکمل ہو گئی تھی۔ یہ جاننے کے لئے کہ واقعہ کیسے پیش آیا، ہمیں جانچ کرنی ہوگی۔ ہوسکتا ہے کہ اسٹریچر پر زیادہ دباؤ پڑ رہا ہو، لیکن اس پر فی الحال کچھ بھی کہنا بہت جلدبازی ہوگی۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔