احمد آباد: جگنیش کے حامیوں نے بی جے پی ایم پی کو امبیڈکر کی گلپوشی کرنے سے روکا

احمد آباد میں بی جے پی رہنماؤں کو اس وقت زبردست مخالفت کا سامنا کرنا پڑا جب رکن اسمبلی جگنیشن میوانی کے کچھ حامیوں نے انہیں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی گلپوشی کرنے سے روک دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر گجرات کے احمد آباد میں ان کے مجسمہ کی گلپوشی کے لئے پہنچے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور دیگر رہنماؤں کو احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کریٹ سولنکی پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ امبیڈکر کے مجسمہ کی گلپوشی کے لئے پہنچے تھے۔ دریں اثنا کچھ لوگوں نے ان کے خلاف احتجاج کرنا شروع کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق احتجاج کرنے والے افراد کو جگنیش کے حامی قرار دیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں پولس نے مظاہرہ کرنے والوں کو حراست میں لے لیا۔

گزشتہ روز 13 اپریل کو دلت رہنما اور ممبر اسمبلی جگنیش میوانی نے اعلان کیا تھا کہ امبیڈکر جینتی کے دن کسی بھی بی جے پی رہنما کو امبیڈکر کے مجسمہ کی گلپوشی نہیں کرنے دیں گے۔ اسی لئے یہ تصور کیا جا رہا ہے کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی مخالفت کرنے والے جگنیش میوانی کے ہی حامی تھے۔

واقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کریٹ سولنکی نے کہا کہ بابا صاحب (امبیڈکر) ہمارے دیوتا ہیں۔ ان کی گلپوشی کرنے سے روکنے والا جگنیش کون ہوتا ہے؟

جگنیش میوانی نے اپنے حامیوں کو پولس کی طرف سے حراست میں لئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔

قبل ازیں میوانی نے 14 اپریل کو کَچھ کے دلتوں کو انصاف دلانے کے لئے ہائی وے جام کرنے کا اعلان کیا تھا۔ میوانی نے کہا تھا کہ کَچھ کی راپر تحصیل کے دلت اور کولی سماج کے لوگوں کو حکومت سے گزشتہ 30 سالوں میں ان کی زمین کے حقوق نہیں ملے ہیں۔ تاہم، میوانی کے اعلان کے بعد 13 اپریل کو کَچھ کے کلکٹر نے آناً فاناً ایک ہی دن میں 100 ایکڑ سے زیادہ زمین کا قبضہ دلتوں کو دے دیا۔ بعد ازاں میوانی نے اپنی تحریک واپس لے لی۔

واضح رہے کہ ایس سی-ایس ٹی ایکٹ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی مخالفت میں جگنیش میوانی نے 13 اپریل کو اعلان کیا تھا کہ امبیڈکر جینتی کے موقع پر کسی بھی بی جے پی رہنما کو امبیڈکر کے مجسمہ کو ہاتھ نہیں لگانے دیا جائے گا۔ میوانی نے وزیر اعظم مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا تھا کہ مودی کی سیاست کو دیکھیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کی زبان پر امبیڈکر کا نام ہے لیکن ان کے دل میں ’منو‘ پوشیدہ ہے۔

میوانی نے کہا کہ اب تک مارے گئے 11 دلتوں کو لے کر وزیر اعظم مودی نے ایک بھی لفظ نہیں بولا۔ اس سے پہلے اونا کے واقعہ کے متاثرین پر بھی انہوں نے کچھ نہیں بولا تھا۔ گجرات کے نوجوان رکن اسمبلی جگنیش میوانی نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ آئین کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Apr 2018, 1:04 PM