توگڑیا کی کار کو ٹرک نے ماری ٹکر، بتایا قتل کی سازش

وی ایچ پی سربراہ پروین توگڑیا کا کہنا ہے کہ حادثہ میں جس طرح بلیٹ پروف کار کے شیشے ٹوٹ گئے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ منصوبہ بند طریقے سے انھیں مارنے کی کوشش کی گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے بین الاقوامی صدر پروین توگڑیا کی بلیٹ پروف کار کو ایک ٹرک نے ٹکر مار دی جس میں وہ بال بال بچ گئے۔ وہ سورت میں ایک تقریب میں حصہ لینے جا رہے تھے جب ان کی کار کو ٹرک نے ٹکر ماری۔ ٹکر اس قدر زبردست تھی کہ توگڑیا کی بلیٹ پروف کار کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ حادثہ کے بعد توگڑیا نے اسے منصوبہ بند سازش قرار دیا اور کہا کہ یہ محض ایک حادثہ نہیں ہو سکتا۔ انھوں نے الزام لگایا کہ یہ قتل کی سازش تھی۔ توگڑیا نے اس سلسلے میں بتایا کہ ’’سفر کے دوران زیڈ پلس سیکورٹی کے تحت تحفظ کے مدنظر آگے اور پیچھے گاڑی مہیا کروائی جاتی ہے اور ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب پیچھے گاڑی نہیں تھی۔‘‘

توگڑیا نے اپنے قتل کی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ان کی گاڑی کے آگے صرف اسکارٹ گاڑی چل رہی تھی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح سے ڈرائیور نے ان کی بلیٹ پروف کار پر ٹرک چڑھانے کی کوشش کی، اگر بلیٹ پروف کی جگہ دوسری کوئی گاڑی ہوتی تو اس کے پرخچے اڑ گئے ہوتے۔ توگڑیا نے زور دے کر کہا کہ ان کے قتل کی سازش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے اس حادثہ کے بارے میں پولس سپرنٹنڈنٹ سے شکایت بھی کی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا ہے کہ جلد وہ اس سلسلے میں حکومت سے بھی شکایت کریں گے۔

واضح رہے کہ اسی سال جنوری میں توگڑیا اچانک غائب ہو گئے تھے جس سے کافی ہنگامہ برپا ہوا تھا۔ توگڑیا جب اپنے گھر سے نکلے تو تقریباً 11 گھنٹے کے بعد وہ احمد آباد کے ایک علاقے میں بیہوشی کی حالت میں ملے تھے۔ ہوش میں آنے کے بعد توگڑیا نے میڈیا سے روبرو ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے انکاؤنٹر کی سازش تیار کی جا رہی ہے۔ اس دوران میڈیا کے سامنے ان کی آنکھوں سے آنسو بھی نکل آئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Mar 2018, 2:57 PM