گجرات: بھروچ کی فیکٹری میں شدید آتشزدگی، آگ بجھانے میں لگیں فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں، علاقے میں دہشت
آتشزدگی کا واقعہ سنگھوی آرگینکس پرائیویٹ لمیٹیڈ فیکٹری میں پیش آیا، اس کے بعد دور-دور تک دھوئیں کا غبار پھیل گیا۔ فی الحال حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

گجرات کے بھروچ ضلع کے انکلیشور واقع پانولی جی آئی ڈی سی علاقے میں اتوار کو شدید آگ بھڑک اٹھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ آگ سنگھوی آرگینکس پرائیویٹ لمیٹیڈ فیکٹری میں لگی ہے، جس سے پورے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ آگ اتنی بھیانک تھی کہ دور-دور تک دھوئیں کا غبار صاف نظر آیا۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ محکمہ کی 15 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم لگاتار مشقت کر رہی ہے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
آگ لگنے کی وجہ سے قریب کے سنجالی گاؤں میں دہشت کا ماحول پھیل گیا۔ گاؤں والوں کو تحفظ کے پیش نظر الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم موقع پر موجود ہے اور حالات پر نظر بنائے ہوئے ہے۔
حادثے میں ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حالانکہ آگ سے فیکٹری کو کافی نقصان پہنچنے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ فائر بریگیڈ کے اہلکار مسلسل آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
حادثے کے وقت سبھی مزدوروں اور اسٹاف کو وقت رہتے محفوظ باہر نکال لیا گیا۔ حالانکہ فیکٹری کو نقصان پہنچا ہے، یہ آگ بجھنے کے بعد ہی پتہ چل سکے گا۔ ابھی تک کی حالات کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ فیکٹری کے بڑے حصے کو آگ نے نقصان پہنچایا ہے۔
فائر بریگیڈ اور انتظامی افسروں نے واضح کیا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔ شارٹ سرکٹ، کیمیکل ری ایکشن یا دیگر تکنیکی خرابی کا بھی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جانچ ٹیم جلد ہی اس واقعہ کی تفصیلی رپورٹ تیار کرے گی۔
اس واقعہ سے کچھ مہینے قبل 2 اپریل کو گجرات کے بناس کانٹھہ ضلع کے ڈی سی میں بھی شدید آتشزدگی ہوئی تھی۔ وہ آگ ایک گودام میں چل رہی پٹاخہ فیکٹری میں ایک بڑے دھماکے سے لگی تھی، جس میں کم سے کم 21 افراد مارے گئے تھے، جن میں سے کئی مدھیہ پردیش کے رہنے والے مزدور تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔