گجرات انتخابات کی تاریخوں کا آج ہوگا اعلان، 2 مرحلوں میں ہو سکتی ہے ووٹنگ

خیال کیا جا رہا ہے کہ سال 2017 کی طرح اس بار بھی دو مرحلوں میں انتخابات ہو سکتے ہیں۔ گجرات انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہونے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

گجرات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان آج دوپہر 12 بجے کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی آج پریس کانفرنس ہوگی جس میں تاریخوں سے متعلق معلومات دی جائے گی۔ گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی اور کانگریس نے پہلے ہی اپنی کمر کس لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی کی انٹری نے اس بار مقابلہ سہ رخی اور دلچسپ بنا دیا ہے۔

بتادیں کہ گجرات اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عام آدمی پارٹی (عآپ) نے منگل کو 22 امیدواروں کی ایک اور فہرست جاری کی ہے۔ پارٹی نے اب تک 108 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ عآپ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے گجرات انتخابات کے لیے 100 سے زیادہ امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ گجرات میں 182 اسمبلی سیٹیں ہیں۔


2017 کے گجرات اسمبلی انتخابات میں تمام 182 سیٹوں کے نتائج کے اعلان کے بعد، بی جے پی نے 99 سیٹوں کے ساتھ اکثریت حاصل کی تھی، وہیں کانگریس کو 77 سیٹیں ملی تھیں۔ 2017 میں، گجرات میں دو مرحلوں میں 9 دسمبر اور 14 دسمبر کو انتخابات ہوئے تھے۔ گجرات میں اکثریتی تعداد 92 ہے۔ واضح رہے کہ سال 2017 میں گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 89 سیٹوں کے لیے ہوئی ووٹنگ میں 66.75 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں 68.70 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس مرحلے میں 93 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔

بی جے پی 1995 سے مسلسل گجرات میں برسراقتدار ہے۔ نریندر مودی گجرات کے 22ویں وزیر اعلیٰ بنے اور مسلسل 13 سال تک اس عہدے پر رہے۔ مسلسل تین بار وزیر اعلیٰ رہنے کے بعد مودی 2014 میں ملک کے وزیر اعظم بنے اور پھر آنندی بین پٹیل گجرات کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بنیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔