گجرات اسمبلی انتخاب سے پہلے ہی عآپ کو خرید-فروخت کا خوف، امیدواروں کو خفیہ ٹھکانے پر بھیجا

عآپ نے گجرات میں ہورس ٹریڈنگ کے خوف سے 5 دسمبر کو ہونے والے دوسرے مرحلہ کے انتخاب میں کھڑے ہونے والے امیدواروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

سیاست میں ان دنوں لیڈروں اور اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کا معاملہ کچھ زیادہ ہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس خوف سے پارٹیاں اپنے اراکین اسمبلی کو کسی ہوٹل یا ریسورٹ میں منتقل کر دیتے رہے ہیں۔ لیکن پہلی بار کوئی پارٹی اپنے امیدواروں کو بچاتی پھر رہی ہے۔ یعنی ابھی انتخاب بھی نہیں ہوا اور لیڈروں کی خرید و فروخت کا خوف ستانے لگا ہے۔

دراصل گجرات انتخاب میں پوری تیاری سے اتری عام آدمی پارٹی (عآپ) ان دنوں ایک الگ ہی خوف سے گزر رہی ہے۔ پارٹی کو ڈر ہے کہ کہیں امیدواروں کو ہی نہ خرید لیا جائے۔ اس ڈر سے پارٹی نے اپنے امیدواروں کو الگ الگ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ عآپ نے گجرات میں ہورس ٹریڈنگ کے خوف سے 5 دسمبر کو ہونے والے دوسرے مرحلہ کے انتخاب میں کھڑے ہو رہے امیدواروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔


جن ستّا میں شائع ایک خبر کے مطابق عآپ نے یہ قدم سورت مشرق اسمبلی حلقہ کے امیدوار کنچن جریوالہ معاملے کے بعد اٹھایا ہے۔ دراصل سورت مشرق اسمبلی حلقہ سے عآپ امیدوار کنچن جریوالہ نے اپنا نام واپس لے لیا تھا۔ ایک ڈرامائی واقعہ میں پہلے جریوالہ کے اغوا کی خبریں آئیں، اور پھر اس کے بعد 17 نومبر کو کنچن جریوالہ نے اپنی نامزدگی کا پرچہ واپس لے لیا تھا۔ عآپ کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے اس کے امیدوار کو نامزدگی پرچہ واپس لینے کے لیے مجبور کیا ہے۔ حالانکہ بی جے پی نے ان الزامات کو غلط قرار دیا تھا۔

عآپ کا کہنا ہے کہ بی جے پی اس کے امیدواروں کو انتخاب لڑنے سے روکنا چاہتی ہے۔ جن ستا کی رپورٹ کے مطابق اس معاملے میں عآپ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ ’’ہم نے دوسرے مرحلہ کے لیے پرچہ داخل کرنے والے امیدواروں کو محفوظ مقام پر بھیج دیا ہے۔ ایسا نہ ہو کہ سورت مشرق میں جو کچھ ہوا تھا، ویسا ہی کچھ ہو جائے۔ ان امیدواروں کے بارے میں کچھ جانکاری یہ بھی تھی کہ بی جے پی ان پر اپنا نام واپس لینے کا دباؤ بنا رہی تھی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔