کورونا کا خوف: گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے خود کو کیا ’آئسولیٹ‘

گجرات میں ایک رکن اسمبلی کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد وزیر اعلیٰ وجے روپانی کا بدھ کے روز کورونا ٹیسٹ ہوا۔ یہ ٹیسٹ ڈاکٹر اتل پٹیل اور ڈاکٹر آر کے پٹیل نے کیا۔

وجے روپانی
وجے روپانی
user

قومی آوازبیورو

گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے کورونا وائرس پازیٹو رکن اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کے بعد اپنا کورونا ٹیسٹ بدھ کے روز کرایا۔ کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ نگیٹو آئی ہے، لیکن احتیاطاً ڈاکٹروں نے انھیں کچھ دنوں کے لیے باہری لوگوں سے نہ ملنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس صلاح کے بعد وزیر اعلیٰ روپانی نے خود کو اپنے گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔


وزیر اعلیٰ کے سکریٹری اشونی کمار نے اس معاملے پر جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی پوری طرح سے صحت مند اور تندرست ہیں۔ میڈیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر اتل پٹیل اور ڈاکٹر آر کے پٹیل نے آج ان کا ٹیسٹ کیا اور کورونا کی کوئی علامت نہ ہونے کی بات کہی۔ لیکن ڈاکٹروں نے حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے گھر پر کسی باہری شخص کو جانے کی اجازت نہ دی جائے۔

دراصل کانگریس لیڈر عمران کھیڑاوالا نے منگل کی صبح ہی وزیر اعلیٰ روپانی سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے کچھ گھنٹے بعد ہی کانگریس لیڈر عمران کھیڑاوالا کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ انفیکشن کی تصدیق ہونے کے بعد انھیں گاندھی نگر کے ایس وی پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ کانگریس لیڈر میں کورونا وائرس انفیکشن کی تصدیق ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ کے ساتھ ان کی میٹنگ کی تصویر سامنے آئی تھی۔ اس تصویر میں عمران کھیڑاوالا، وزیر اعلیٰ روپانی اور تین دیگر لوگ بھی نظر آ رہے ہیں۔


واضح رہے کہ گجرات میں بدھ کو کورونا وائرس کے 56 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ اس درمیان کورونا سے احمد آباد اور سورت میں دو مزید اموات ہوئی ہیں۔ ریاست میں اب تک کورونا کے کل 695 معاملے سامنے آئے ہیں اور اس وائرس کی وجہ سے اب تک 30 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Apr 2020, 6:11 PM