گجرات بٹکوائن گھوٹالہ: سابق بی جے پی رکن اسمبلی سمیت 14 ملزمین قصوروار قرار، تاحیات قید کی ملی سزا
اے سی بی کورٹ نے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نلن کوٹڈیا، امریلی کے سابق پولیس سپرنٹنڈنٹ جگدیش پٹیل، سابق پولیس انسپکٹر اننت پٹیل سمیت 14 ملزمین کو قصوروار قرار دیا اور تاحیات جیل کی سزا سنائی۔

گجرات بٹکوائن گھوٹالہ معاملہ میں بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نلن کوٹڈیا کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے عدالت نے انھیں تاحیات جیل کی سزا سنا دی ہے۔ نلن کوٹڈیا کے علاوہ امریلی کے سابق ایس پی جگدیش پٹیل اور سابق پولیس انسپکٹر اننت پٹیل کو بھی قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 14 ملزمین کو انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) کورٹ نے تاحیات قید کی سزا سنائی ہے۔ سبھی ملزمین پر بی این ایس (بھارتیہ دَنٹ سنہیتا) اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
معاملے کی سماعت کے دوران اے سی بی کورٹ نے اخذ کیا کہ قصوروار ٹھہرائے گئے سبھی 14 ملزمین 2018 میں سامنے آئے 12 کروڑ روپے قیمت کے 176 بٹکوائن اور 32 لاکھ روپے نقد کی جبراً وصولی اور اغوا کی سازش میں شامل تھے۔ یہ معاملہ نوٹ بندی کے بعد سرخیوں میں آیا تھا۔ اس کیس میں مجموعی طور پر 15 لوگوں کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے 14 کو عدالت نے قصوروار ٹھہرایا ہے۔ ایک ملزم کو ثبوت کی عدم موجودگی میں بری کر دیا گیا۔ فریق دفاع کے وکیلوں نے اے سی بی کورٹ کے فیصلے کو گجرات ہائی کورٹ میں چیلنج پیش کرنے کی بات کہی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ سورت کے بلڈر شیلیش بھٹ کا اغوا کیا گیا تھا اور کیس رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ شیلیش بھٹ کو پی آئی اننت پٹیل اور اس کی ٹیم نے سرکاری گاڑی میں اغوا کیا تھا۔ شیلیش کو گاندھی نگر کے پاس کسی مقام پر لے جایا گیا اور وہاں اس سے 9 کروڑ روپے کے 176 بٹکوائن ٹرانسفر کرنے کو کہا گیا۔ بٹکوائن کی منتقلی کے بعد بلڈر سے مزید تاون کی رقم بھی وصول کی گئی۔
اغوا کیس کی جانچ کے بعد سی آئی ڈی نے پی آئی اننت پٹیل اور 10 دیگر پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے علاوہ سورت کا ایک وکیل کیتن پٹیل کے اس واقعہ میں شامل ہونے کی بات بھی پتہ چلی تھی، جس کے بعد اسے بھی گرفتار کیا گیا۔ کیتن پٹیل نے پوچھ تاچھ میں بتایا کہ اس واقعہ میں سابق بی جے پی رکن اسمبلی نلن کوٹڈیا اور سابق ایس پی جگدیش پٹیل بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزم وکیل کی نشاندہی پر جگدیش پٹیل کو پکڑا۔ نلن کوٹڈیا کا کردار ’فکسر‘ کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ وقت کے ساتھ مجموعی طور پر 14 لوگوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
اگست 2024 میں احمد آباد پولیس نے بلڈر شیلیش بھٹ کو بھی گرفتار کیا۔ منی لانڈرنگ معاملے میں اسے ملزم پایا گیا تھا۔ شیلیش بھٹ پر 2091 بٹکوائن، 11000 لائٹ کوائن اور 14.50 کروڑ روپے کی نقدی پر مشتمل تاوان کا الزام تھا۔ یہ سارا پیسہ ملا کر 1232.50 کروڑ روپے تک پہنچتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔