مودی کی ریلی میں بھیڑ جٹانے کے لئے تاجروں کو فرمان

سورت میں آج مودی کی ریلی ہے۔ ریلی میں خالی کرسیوں کو بھرنے کے لئے سورت کے ہیرا تاجروں کو فہرست دےکر فیکٹریوں سے ملازمین کو ریلی میں بھیجنے کا فرمان جاری کیا گیا ہے۔

گجرات میں بی جے پی کی ریلی میں خالی پڑی کرسیاں (فائل فوٹو)
گجرات میں بی جے پی کی ریلی میں خالی پڑی کرسیاں (فائل فوٹو)
user

بھاشا سنگھ

بھاشا سنگھ کی گجرات سے رپورٹ

اس کے ساتھ ہی گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے دور کے انتخابات کے لئے آج انتخابی مہم بند ہو جائے گی۔ وزیر اعظم کی پچھلی کچھ ریلیوں میں بھیڑ کے کم ہونے کی وجہ سے بی جے پی کی کوشش ہے کہ سورت کی ریلی پو ری طرح کامیاب رہے اور اس کے لئے انہوں نے ہر ممکن اقدام اٹھائے ہیں۔ خاص طور سےگزشتہ روزدھان دھوکھا اور داہود میں مودی کی ریلیوں میں خالی کرسیاں اور ریلی میں موجود لوگوں کے ذریعہ پھینکو پھینکو چلانے کے ویڈیو کا سوشل میڈیا میں وائرل ہونے کے بعد بی جے پی قیادت کی پوری توجہ آج کی ریلی پر ہے۔

اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے گجرات ریاست کے بی جے پی صدر جیتو وادھانی نے ہیرے اور ٹیکسٹائل تاجروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ ایک بڑے ہیرے کے تاجر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ اس میٹنگ میں یقین دلایا گیا ہے کہ 18دسمبر کو جی ایس ٹی کاؤنسل کی میٹنگ ہونی ہے اور اس میں تاجروں کی تمام پریشانیوں کا حل نکال لیا جائے گا اس لئے وہ بی جے پی کی مخالفت بند کریں۔

ان تمام تاجروں کا تعلق پاٹیدار سماج سے ہے اور انہوں نے تقریباً کھل کر ہاردک پٹیل کی حمایت کی ہے۔ یہ میٹنگ کرن اسپتال میں ہوئی۔ غور طلب ہے کہ اسپتال پاٹیدار آروگیہ ٹرسٹ کا ہے جس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے اپریل ماہ میں کیا تھا۔

اس میٹنگ کے بعد ان تاجروں کو ایک لسٹ دی گئی جس میں یہ تحریر تھا کہ کس کو کتنے کتنے ملازمین آج کی سورت ریلی میں لانا ہے۔ یہ لسٹ خود اس رپورٹر نے دیکھی ہے۔ اس لسٹ کو بعد میں چھوٹے تاجروں میں تقسیم کی گئی۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ کون کون کس کس چوراہے پر اپنی فیکٹری کے کتنے مزدور بی جے پی کے کمل چھاپ مفلر کے ساتھ لے کر آئے گا۔ خاص طور سے انہی علاقوں میں مزدوروں کو جمع کریں گے جہاں فیکٹریاں ہیں جیسے سورت کا وارچھا روڈ، کترگام وغیرہ۔

اس کی وجہ سے ان فیکٹریوں میں آج کوئی کام نہیں ہوگا ۔اگر کچھ فیکٹریوں میں کام ہوگا تو محض آدھے دن کے لئے ہو گا۔ اس تعلق سے جب رپورٹر نے ہیرہ تاجر اور جی آئی ای پی سی کے چئیرمین دنیش نواڈیا سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی ہمارے شہر آ رہے ہیں اس لئے لوگ تو انہیں دیکھنا چاہیں گے۔ویسے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی بی جے پی کے گڑھ لمبایت اسمبلی حلقے میں ہے جو بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور نریندر مودی کے خاص سی آر پاٹل کا علاقہ ہے۔ لگاتار خالی کرسیوں کی وجہ سے بی جے پی کے لئے جو ماحول خراب ہوا ہے اسے درست کرنے کی یہ آخری کوشش ہے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہیہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Dec 2017, 12:31 PM