گجرات اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر جیٹھا بھائی نے اچانک دیا استعفیٰ، کام کے بڑھتے بوجھ سے تھے پریشان!

جیٹھا بھائی نے اپنے عہدہ سے ایسے وقت میں استعفیٰ دیا ہے، جب گجرات بی جے پی میں تنظیمی سطح پر کئی بدلاؤ ہو رہے ہیں اور کئی لیڈران کو نئی ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

گجرات اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر جیٹھا بھائی بھرواڑ نے آج اپنے عہدہ سے اچانک استعفیٰ دے دیا۔ انھوں نے اسمبلی اسپیکر شنکر چودھری کو اپنا استعفیٰ نامہ سونپا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر مختلف ذرائع سے سامنے آئی ہے۔ جیٹھا بھائی نے کام کے بڑھتے بوجھ کو اپنے استعفیٰ کی اہم وجہ بتائی ہے۔ جیٹھا بھائی نے اپنے عہدہ سے ایسے وقت میں استعفیٰ دیا ہے، جب گجرات بی جے پی میں تنظیمی سطح پر کئی بدلاؤ ہو رہے ہیں اور کئی لیڈران کو نئی ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں۔

اپنا استعفیٰ نامہ لے کر جیٹھا بھائی آج اسمبلی اسپیکر شنکر چودھری کی رہائش پر پہنچے تھے۔ اس موقع پر ریاست کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور بی جے پی ریاستی صدر جگدیش وشوکرما بھی موجود تھے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ پارٹی میں گفت و شنید کے بعد اتفاق رائے سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ یہ معاملہ گجرات کی سیاست میں ایک اہم تبدیلی کا اشارہ بھی تصور کیا جا رہا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ جیٹھا بھائی بھرواڑ 5 بار سے رکن اسمبلی ہیں اور موجودہ وقت میں وہ پنچ محل ضلع کی شہرا امسبلی سیٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ 2022 کے اسمبلی انتخاب کے بعد ڈپٹی اسپیکر بنے تھے۔ وہ اس کے علاوہ پنچ محل ڈیری کے سربراہ بھی ہیں، جو کوآپریٹو سیکٹر میں ان کی مضبوط گرفت کو ظاہر کرتا ہے۔ حال ہی میں وہ قومی زرعی کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن (نافیڈ) کے انتخاب میں بھی موضوعِ بحث رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔