پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر گائیڈلائنس جاری، ملاحظہ کریں تفصیل

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ووٹر اپنے حق رائے دہی کو لے کر بیدار ہوں، اس لیے ہم ووٹروں تک پہنچنے کے لیے خصوصی مہم چلائیں گے، ووٹروں کو ایک چھوٹی سی ووٹر گائیڈ مہیا کرائی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر کی پریس کانفرنس، تصویر یو این ٰآئی
چیف الیکشن کمشنر کی پریس کانفرنس، تصویر یو این ٰآئی
user

تنویر

اتر پردیش، گوا، پنجاب، اتراکھنڈ اور منی پور میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سبھی ریاستوں کا نتیجہ 10 مارچ کو برآمد ہو جائے گا اور اس تعلق سے الیکشن کمیشن کے ذریعہ گائیڈ لائنس بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انتخاب کے لیے تاریخوں کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی پانچوں ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق (ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ) کا نفاذ بھی عمل میں آ گیا ہے۔ ووٹنگ پروگرام کے علاوہ پورے ہندوستان میں بڑھتے کورونا معاملوں کے پیش نظر کووڈ-19 پروٹوکول کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

آج پریس کانفرنس کے دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اعلان کیا کہ 15 جنوری تک نکڑ جلسوں، ریلی اور روڈ شو پر پابندی رہے گی۔ گھر گھر جا کر انتخابی تشہیر کی جا سکتی ہے لیکن اس میں بھی 5 لوگوں کو ہی شامل ہونے کی اجازت ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بیشتر ریاستوں میں ٹیکہ کاری کی حالت بہتر ہے۔ گوا میں 95 فیصد آبادی کی ٹیکہ کاری ہو چکی ہے اور اتراکھنڈ میں 90 فیصد لوگوں کو پہلی ویکسین لگ چکی ہے۔ سبھی ایجنسیوں کو الرٹ پر کیا گیا ہے۔ ’سُوِدھا ایپ‘ کے ذریعہ امیدوار آن لائن نامزدگی بھی کر سکتے ہیں۔


پریس کانفرنس کے دوران کووڈ-19 پروٹوکول کے تحت کئی اہم باتیں سامنے رکھی گئی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ان انتخابات میں 18 کروڑ سے زیادہ ووٹر حصہ لیں گے۔ کورونا کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے ووٹنگ مراکز کی تعداد 2017 اسمبلی انتخابات کے مقابلے 16 فیصد بڑھائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں 80 سال سے زیادہ عمر کے سینئر شہریوں، معذور اشخاص اور کووڈ-19 پازیٹو افراد پوسٹل بیلٹ سے ووٹنگ کر سکتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے اس درمیان یہ بھی بتایا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں کم از کم ایک پولنگ اسٹیشن ایسا ہوگا جس کا انتظام پوری طرح سے خواتین دیکھیں گی۔

الیکشن کمیشن نے پریس کانفرنس میں ’سی ویجیل ایپ‘ (C VIGIL) سے متعلق بھی تذکرہ کیا۔ اس ایپ پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی کی جانکاری دی جا سکے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ ووٹر اپنے حق رائے دہی کو لے کر بیدار ہوں، اس لیے ہم ووٹروں تک پہنچنے کے لیے خصوصی مہم چلائیں گے۔ ووٹروں کو ایک چھوٹی سی ووٹر گائیڈ مہیا کرائی جائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔