جی ایس ٹی کلکشن: ستمبر ماہ میں 14.7 فیصد کا نمایاں اضافہ، سرکار کے خزانے میں آئے 2 لاکھ کروڑ سے زائد روپے
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں ہوئے کلکشن میں سی جی ایس ٹی 37762 کروڑ روپے، ایس جی ایس ٹی 45363 کروڑ روپے اور آئی جی ایس ٹی 120396 کروڑ روپے رہا۔

جی ایس ٹی کلکشن کے ستمبر ماہ کے اعداد و شمار منظر عام پر آ گئے ہیں۔ جمعرات (یکم اکتوبر) کو جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں جی ایس ٹی (گڈس اینڈ سروسز ٹیکس) کلکشن 203521 کروڑ رہا۔ یہ گزشتہ سال اسی ماہ کے مقابلہ میں 14.7 فیصد زیادہ ہے۔ رواں مالی سالی کی پہلی ششماہی (اپریل-ستمبر) کے لیے مجموعی کلکشن 1246278 کروڑ رہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے 11.6 فیصد زیادہ ہے۔ ستمبر میں ریفنڈ میں گزشتہ سال کے مقابلے 3 فیصد کی کمی آئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں ہوئے کلکشن میں سی جی ایس ٹی 37762 کروڑ روپے، ایس جی ایس ٹی 45363 کروڑ روپے اور آئی جی ایس ٹی 120396 کروڑ روپے رہا۔ مجموعی نیٹ جی ایس ٹی ریونیو سالانہ بنیاد پر 18.1 فیصد بڑھ کر 176520 کروڑ روپے ہو گیا۔ ہندوستان کی مجموعی گھریلو آمدنی 10.1 فیصد بڑھ کر 125334 کروڑ روپے سے 137996 کروڑ روپے ہو گیا۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر نے ستمبر میں سب سے زیادہ 29986 کروڑ روپے جی ایس ٹی کلکشن درج کیا۔ یہ ایک سال قبل کے 25973 کروڑ روپے سے 15 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے بعد کرناٹک کا نمبر رہا، جہاں کلکشن 16 فیصد کے اضافے کے ساتھ 13884 کروڑ روپے رہا۔ گجرات کا جی ایس ٹی ریوینیو 17 فیصد بڑھ کر 12222 کروڑ روپے ہو گیا۔ اترپردیش کا جی ایس ٹی ریونیو ستمبر میں 18 فیصد بڑھ کر 8882 کروڑ روپے رہا۔ ایک سال قبل یہ 7516 کروڑ روپے تھا۔ تلنگانہ میں بھی یہ 18 فیصد کے اضافے کے ساتھ 5327 کروڑ روپے ہو گیا۔ پنجاب کا جی ایس ٹی ریونیو 18 فیصد بڑھ کر 2549 کروڑ روپے رہا۔ آسام میں یہ 88 فیصد کے اضافے کے ساتھ 2415 کروڑ روپے پہنچ گیا۔ منی پور میں 145 فیصد کے اضافے کے ساتھ کلکشن 92 کروڑ روپے رہا جبکہ اروناچل پردیش اور ناگالینڈ میں 46 فیصد اور 39 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔
دوسری جانب کئی ریاستوں کے جی ایس ٹی کلکشن میں کمی بھی دیکھی گئی۔ سکم میں یہ 51 فیصد کی کمی کے ساتھ 194 کروڑ روپے رہا۔ جموں و کشمیر کا کلکشن 29 فیصد گر کر 487 کروڑ روپے رہا، جبکہ اتراکھنڈ میں 23 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ یہ 1277 کروڑ روپے اور ہماچل پردیش میں 21 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 640 کروڑ روپے رہ گیا۔ تمل ناڈو کا جی ایس ٹی ریونیو سالانہ بنیاد پر 5 فیصد گر کر 10188 کروڑ روپے رہا جبکہ گووا کا کلکشن 7 فیصد گر کر 494 کروڑ روپے رہا۔ پڈوچیری میں 31 فیصد اور میگھالیہ میں 14 فیصد گراوٹ آئی۔ کیرلم کا جی ایس ٹی ریونیو 11 فیصد کے اضافے کے ساتھ 3328 کروڑ روپے رہا۔ مغربی بنگال میں 6 فیصد، اوڈیشہ میں 10 فیصد اور مدھیہ پردیش میں 5 فیصد کا اضافہ ہوا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
