مئی ماہ میں جی ایس ٹی کلیکشن 12 فیصد بڑھ کر 1.57 لاکھ کروڑ روپے پہنچا، وزارت مالیات نے دی جانکاری

مئی میں جی ایس ٹی کلیکشن کا اضافہ سالانہ بنیاد پر ہوا ہے، جبکہ اپریل 2023 میں جی ایس ٹی کلیکشن 1.87 لاکھ کروڑ روپے تھا جو مئی میں کم ہو کر 1.57 لاکھ کروڑ پر آ گیا ہے۔

جی ایس ٹی، تصویر آئی اے این ایس
جی ایس ٹی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزارت مالیات نے آج مئی ماہ میں ہوئے جی ایس ٹی کلیکشن سے متعلق جانکاری شیئر کی۔ وزارت نے بتایا کہ مئی میں جی ایس ٹی کلیکشن 1.57 لاکھ کروڑ روپے رہا جو کہ سالانہ بنیاد پر 12 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتا ہے۔ گزشتہ سال کی یکساں مدت میں یعنی مئی 2022 میں جی ایس ٹی کلیکشن تقریباً 1.41 لاکھ کروڑ روپے رہا تھا۔ اگر اس سے قبل والے ماہ یعنی اپریل سے اس کا موازنہ کریں تو اس میں کمی درج کی گئی ہے۔ اپریل 2023 میں جی ایس ٹی کلیکشن 1.87 لاکھ کروڑ روپے تھا جو مئی میں کم ہو کر 1.57 لاکھ کروڑ پر آ گیا ہے۔

سی جی ایس ٹی اپریل ماہ کے 38400 کروڑ روپے سے کم ہو کر 28400 کروڑ روپے ہو گیا۔ اپریل میں ایس جی ایس ٹی 47400 کروڑ روپے تھا، جو گھٹ کر 35800 کروڑ روپے پر آ گیا۔ اس کے ساتھ ہی آئی جی ایس ٹی میں بھی اپریل کے مقابلے مئی میں کمی آئی ہے۔ یہ 89200 کروڑ روپے سے گھٹ کر مئی 2023 میں 81400 کروڑ روپے پر آ گیا۔


ماہانہ جی ایس ٹی ریونیو لگاتار 14 مہینوں کے لیے 1.4 لاکھ کروڑ روپے سے اوپر بنا ہوا ہے۔ علاوہ ازیں ملک میں جی ایس ٹی کی شروعات کے بعد سے ہی یہ اعداد و شمار پانچویں بار 1.5 لاکھ کروڑ روپے کے پار پہنچا ہے۔ مال کی درآمد سے ریونیو سال در سال بنیاد پر 12 فیصد زیادہ رہا ہے۔ وہیں ڈومیسٹک ٹرانزیکشن (سروس کی درآمدگی سمیت) کا ریونیو سال در سال بنیاد پر 11 فیصد زیادہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔