لکھنؤ میں معصوم بھائی بہن کو کتوں نے نوچ ڈالا، بھائی کی موت

کمسن بھائی بہن اپنے گھر کے باہر کھیل رہے تھے، تبھی کتوں کا جھنڈ آیا اور اس نے بچوں پر حملہ کر دیا، بڑی مشکل سے لوگوں نے بچایا لیکن آٹھ سالہ بھائی کی موت ہو گئی۔

آوارہ کتے، فائل تصویر آئی اے این ایس
آوارہ کتے، فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ میں گھر کے باہر کھیل رہے معصوم بہن بھائیوں پر کتوں کے جھنڈ نے حملہ کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک درجن سے زائد کتوں نے دونوں کو نوچ کر زخمی کر دیا۔ اس کے بعد دونوں کو علاج کے لیے ٹراما سینٹر لے جایا گیا۔ جہاں معصوم بھائی دم توڑ گیا۔ جبکہ بہن کی حالت تشویشناک ہے۔ مشتعل رشتہ داروں نے سڑک بلاک کرکے ہنگامہ کیا اور میئر، میونسپل آفیسر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

آج تک پر شائع خبر کے مطابق لکھنؤ کے یہ واقع ٹھاکر گنج تھانے میں واقع مصاحب گنج کا ہے۔ 8 سالہ شباب حیدر اور 5 سالہ بیٹی جنت شام کو گھر کے باہر کھیل رہے تھے جبھی اچانک کتوں کے جھنڈ نے ان پر حملہ کر دیا ۔ لوگوں کے مطابق 20 سے 22 کتے تھے ۔

کتوں نے دونوں بچوں کو بری طرح نوچا ۔ رونے کی آواز سن کر اہل علاقہ نے کسی طرح کتوں کو بھگا دیا جس کے بعد دونوں بچوں کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا۔ جہاں 8 سالہ بھائی نے دم توڑ دیا جب کہ جنت زیر علاج ہے۔

مشتعل رشتہ داروں نے روڈ بلاک کر کے میونسپل کارپوریشن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ لواحقین کا الزام ہے کہ انہوں نے کئی بار میونسپل کارپوریشن سے شکایت کی اور کتوں کو بھگانے کی اپیل کی لیکن ان کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ لواحقین نے میونسپل کمشنر، زونل انچارج، میئر کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔