ہندوستانی فوجیوں کو سلام، یہ ملک ان کے ہاتھوں میں محفوظ: سونیا گاندھی

کانگریس نے جمعہ کا دن شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منتخب کیا اور اسے نام دیا ’یوم شہداء کو سلام‘۔ اس موقع پر کانگریس صدر سونیا گاندھی نے سوال اٹھایا کہ 20 فوجیوں کی شہادت کیسے ہوئی؟

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وادی گلوان میں چینی فوجیوں کے ساتھ تصادم میں شہید ہوئے 20 ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مودی حکومت کے سامنے کئی سوال رکھے اور کہا کہ حکومت اپنی جوابدہی سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی ہے۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سونیا گاندھی نے کہا کہ "پیارے بھائیو اور بہنو، آج کانگریس اور ہندوستان کے شہری ہمارے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں اور فوجیوں کی بہادری کو سلام کر رہے ہیں۔ پورے ملک میں 'یومِ شہداء کو سلام' منایا جا رہا ہے۔ میں خود کو ان کے ساتھ جوڑتی ہوں، گلوان وادی (لداخ) میں چینی دراندازی کو روکتے ہوئے ہمارے 20 فوجی شہید ہوئے، ان کی قربانی کے لیے ملک ہمیشہ ان کا شکرگزار رہے گا۔"

سونیا گاندھی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ "ہمیں ہمارے فوجیوں اور فوج پر ناز ہے۔ ہندوستان محفوظ ہے کیونکہ ہماری فوج اپنی جان قربان کر کے ملک کی حفاظت لگاتار کرتی ہے۔ کانگریس پارٹی اور ملک کا ہر باشندہ ہماری فوج اور فوجیوں کے تئیں عزت و اکرام کا اظہار کرتے ہوئے مضبوطی کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کو پھر دہراتا ہے۔ آج جب ہندوستان-چین سرحد پر بحران کی حالت ہے تو مرکزی حکومت اپنی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔" پی ایم مودی کے بیانات کا تذکرہ کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ "پی ایم کہتے ہیں کہ ہماری سرحد میں کوئی دراندازی نہیں ہوئی، لیکن دوسری طرف وزیر دفاع اور وزارت خارجہ بڑی تعداد میں چینی فوجیوں کی موجودگی اور کئی بار چینی دراندازی کی بات کرتے ہیں۔ ہماری فوج کے جنرلوں، ماہر دفاع اور اخبارات سیٹلائٹ تصویریں دکھا کر چینی دراندازی کی تصدیق کر رہے ہیں۔"


سونیا گاندھی نے ساتھ ہی یہ سوال اٹھایا کہ "آج جب ہم شہیدوں کو سلام پیش کر رہے ہیں تو ملک جاننا چاہتا ہے کہ اگر چین نے لداخ میں ہماری سرزمین پر قبضہ نہیں کیا، جیسا کہ پی ایم کہتے ہیں، تو پھر ہمارے 20 فوجیوں کی شہادت کیوں اور کیسے ہوئی؟ چین کی فوجوں کے ذریعہ گستاخی کر کے لداخ علاقے میں قبضہ کی گئی ہماری سرزمین کو مودی حکومت کب اور کیسے واپس لے گی؟ کیا چین کے ذریعہ گلوان وادی و پونگ سانگ علاقے میں نئی تعمیرات اور نئے بنکر بنا ہماری جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے؟ کیا پی ایم اس سلسلے میں ملک کو اعتماد میں لیں گے؟"

پیغام کے آخر میں کانگریس صدر نے کہا کہ "آج پورا ملک فوج اور فوجیوں کے ساتھ ہمت کے ساتھ کھڑا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ہندوستانی فوج کو مکمل حمایت، تعاون اور طاقت دے۔ یہی سچی حب الوطنی ہے۔"

واضح رہے کہ کانگریس نے 26 جون یعنی جمعہ کے روز گلوان وادی میں شہید ہوئے 20 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے مقصد سے 'یومِ شہداء کو سلام' پروگرام پورے ملک میں منعقد کیا تھا۔ اس کے تحت دہلی، اتر پردیش، راجستھان، بہار اور دیگر ریاستوں میں کانگریس لیڈران و کارکنان نے الگ الگ طریقے سے سبھی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jun 2020, 6:11 PM