اتراکھنڈ میں یکم جنوری سے باہری پرائیویٹ گاڑیوں پر ’گرین سیس‘ کا ہوگا نفاذ، فاسٹیگ سے ہوگی وصولی
اب تک اتراکھنڈ میں دوسری ریاستوں سے آنے والی صرف کمرشیل گاڑیوں سے ہی ’گرین سیس‘ وصول کیا جا رہا تھا، لیکن نئے نظام کے تحت اب پرائیویٹ گاڑیاں بھی اس دائرے میں آئیں گی۔
اتراکھنڈ حکومت یکم جنوری 2026 سے گاڑیوں کے متعلق ایک نیا نظام نافذ کرنے والی ہے۔ حکومت پرائیویٹ گاڑیوں پر ’گرین سیس‘ وصول کرنے والا سسٹم نافذ کرنے جا رہی ہے۔ اس پیش قدمی کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا اور سڑک سیکورٹی سے منسلک سرگرمیوں کے لیے اضافی وسائل جمع کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے ذریعہ اس منصوبہ میں ہو رہی تاخیر پر ناراضگی ظاہر کیے جانے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے سرگرمی کا مظاہرہ کیا اور ضروری سافٹ ویئر تیار کر لیا گیا ہے۔ فی الحال اس کی ٹیسٹنگ چل رہی ہے۔
اب تک اتراکھنڈ میں دوسری ریاستوں سے آنے والی صرف کمرشیل گاڑیوں سے ہی ’گرین سیس‘ کی وصولی کی جا رہی تھی، لیکن نئے نظام کے تحت اب پرائیویٹ گاڑیاں بھی اس دائرے میں آئیں گی۔ اس ’سیس‘ سے ملنے والی رقم کا استعمال سڑک سیکورٹی ترکیبوں اور شجر کاری مہم میں کیا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس نظام کو چلانے کے لیے ایک پرائیویٹ ایجنسی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ریاست کی سرحدوں پر لگائے گئے 15 آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکاگنیشن (اے این پی آر) کیمروں کے ذریعہ باہر سے آنے والی گاڑیوں کی شناخت کی جائے گی۔ یہ کیمرے گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر پڑھ کر طے کریں گے کہ گاڑیاں ریاست کے باہر کی ہیں یا نہیں۔ اس کے بعد ٹول ٹیکس کے طرز پر ’گرین سیس کی رقم گاڑی میں لگے فاسٹیگ اکاؤنٹ سے خود بخود کٹ جائے گی۔ یہ سیس 24 گھنٹے کے لیے قابل قبول ہوگا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے ’گرین سیس‘ سے کچھ زمروں کی گاڑیوں کو چھوٹ دینے کی تجویز رکھی ہے۔ اس میں دو پہیہ اور سہ پہیہ گاڑیاں، الیکٹرک اور سی این جی سے چلنے والی گاڑیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری گاڑیاں، فائر بریگیڈ اور ایمبولنس سروسز کو بھی اس ’سیس‘ سے استثنیٰ رکھا جائے گا، تاکہ ضروری اور ایمرجنسی خدمات پر کوئی اثر نہ پڑے۔
نئے نظام کے تحت ہلکی موٹر گاڑیاں، مثلاً کار اور ہلکی مال ڈھلائی والی گاڑیوں سے 80 روپے کا ’گرین سیس‘ وصول کیا جائے گا۔ 12 سے زیادہ سیٹوں والی بسوں پر 140 روپے اور 7 ایکسیل والی بھاری گاڑیوں پر 700 روپے وصول کیے جائیں گے۔ بار بار اتراکھنڈ آنے والی گاڑیوں کی سہولت کے لیے محکمہ نے ’پاس سسٹم‘ بھی تیار کیا ہے۔ اگر کوئی گاڑی 20 دنوں کے سیس کے برابر یکمشت رقم جمع کرتا ہے، تو اسے 3 مہینوں کے لیے ’پاس‘ ملے گا۔ علاوہ ازیں 60 دنوں کے سیس کے برابر ادائیگی کرنے پر پورے ایک سال کے لیے ’گرین سیس‘ سے چھوٹ دی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔