گریٹر نوئیڈا: جمنا کا پانی نشیبی علاقوں میں داخل، این ڈی آر ایف نے حاملہ خاتون کی بچائی جان، اب تک 20 لوگوں کا ریسکیو

ربوپورہ میں سیلاب میں پھنسی حاملہ خاتون درد سے کراہ رہی تھی، آواز آنے پر این ڈی آر ایف ٹیم نے انہیں فوری ریسکیو کرکے اسپتال میں داخل کرا کر ان کی جان بچائی۔

<div class="paragraphs"><p>جمنا کا پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل (فائل) / تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 گریٹر نوئیڈا میں لگاتار جمنا ندی کی آبی سطح بڑھنے سے  اس کے قریبی گاؤں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔ اس سے دیہی لوگوں کو آنے جانے میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پولیس اور این ڈی آر ایف نے سیلاب زدہ علاقے میں پھنسے اب تک تقریباً 20 لوگوں کو ریسکیو کر لیا ہے۔ اس دوران جمنا علاقے کے ربوپورہ میں سیلاب میں پھنسی حاملہ خاتون کو پولیس نے فوری طور پر ریسکیو کرکے اسے اسپتال پہنچایا۔ اگر تھوڑی دیر ہوتی تو زچہ اور بچہ دونوں کی جان کو خطرہ ہو سکتا تھا۔

موصولہ اطلاع کے مطابق حاملہ خاتون کا کنبہ ہریانہ علاقے میں رہتا ہے۔ شوہر اسپتال جانے کے لیے اپنی بیوی اور معصوم بچوں کے ساتھ نکلا تھا، لیکن جمنا کی آبی سطح بڑھنے سے اس کے کنارے پانی میں پھنس گیا۔ حاملہ خاتون درد سے کراہ رہی تھی، اسی دوران این ڈی آر ایف اور پولیس کی ٹیم وہاں سے نکل رہی تھی، آواز آنے پر انہیں فوری ریسکیو کرکے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جس سے حاملہ خاتون اور اس کے بچے کی جان بچ گئی۔


دوسری طرف گریٹر نوئیڈا میں ربو پورہ کے مہندی پور گاؤں میں ہفتہ کو جمنا کی آبی سطح بڑھنے کے درمیان بڑا حادثہ ہوگیا۔ سیلاب کے پانی میں نہانے گئے چار دوستوں میں سے ایک 17 سالہ نوجوان فرید پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔ واقعہ کے بعد گاؤں میں ماتم کا ماحول ہے اور اہل خانہ کا رو رو کر بُرا حال ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق فرید اپنے تین دوستوں کے ساتھ گاؤں کے باہر پھیلے سیلاب کے پانی میں ٹیوب لے کر نہا رہا تھا۔ چاروں نوجوان پانی میں مستی کر رہے تھے کہ اچانک فرید کا توازن بگڑ گیا اور اس کے ہاتھ سے ٹیوب چھوٹ گیا۔ دوستوں نے تیز بہاؤ میں بہنے لگے فرید کو بچانے کی کوشش کی لیکن پانی کا بہاؤ اتنا تیز تھا کہ وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔ گھبرائے دوستوں نے فوراً گھر جا کر فرید کے اہل خانہ کو حالات سے باخبر کیا۔ خبر ملتے ہی موقع پر دیہی لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیم فوراً جائے وقوع پر پہنچی اور نوجوان کی تلاش شروع کی۔ دیر شام تک سخت مشقت کے باوجود فرید کا کوئی سراغ نہیں مل پایا تھا۔


جس طریقے سے جمنا کی آبی سطح بڑھ رہی ہے اسے دیکھتے ہوئے پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیم پوری طرح سے مستعد ہے۔ پولیس کے ذریعہ جمنا کے سیلاب زدہ علاقوں میں جا کر مسلسل مائک سے اناؤںسمینٹ کی جا رہی ہے۔ سیلاب سے جمنا کے ساحل پر بنے گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے وہیں دوسری طرف کسانوں کی پوری فصل برباد ہو گئی ہے۔ ربو پورہ کوتوالی علاقے کے مہندی پور اور چنڈی گڑھ میں مسلسل آبی سطح بڑھنے سے انتظامیہ کے لوگ گاؤں سے اپیل کرتے ہوئے نظر آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔