گریٹر نوئیڈا: دادری بائی پاس پر سڑک حادثہ، کہرے کے سبب متصادم ہوئیں نصف درجن گاڑیاں

کوتوالی دادری علاقہ کے نگر بائی پاس پر کینٹر گاڑی ڈرائیور کے بریک لگانے پر یکے بعد دیگرے نصف درجن گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثہ میں کئی لوگوں کو چوٹیں آئیں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

گریٹر نوئیڈا میں دادری کوتوالی علاقہ کے تحت دادری بائی پاس پر بدھ کی صبح کہرے کا قہر دیکھنے کو ملا۔ گھنے کہرے میں حد نگاہ کم ہونے کے سبب نصف درجن سے زائد گاڑیاں آپس میں متصادم ہو گئیں۔ اس دوران ہائی وے پر لوگوں کی چیخ و پکار مچ گئی۔ اس واقعہ میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ گاڑی پر سوار لوگوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر گاڑیوں کو سڑک کے کنارے کیا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کوتوالی دادری علاقہ کے نگر بائی پاس پر کہرے کی دھند کی وجہ سے کینٹر گاڑی ڈرائیور کے بریک لگانے پر نصف درجن گاڑی آپس میں متصادم ہو گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شدید کہرا ہونے کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم تھی، جس کی وجہ سے یہ حادثہ رونما ہوا۔

قصبہ چوکی انچارج دیویندر سنگھ نے حادثہ کے سلسلے میں بتایا کہ بدھ کی صبح زیادہ کہرا ہونے کی وجہ سے بائی پاس پر بلند شہر کی طرف جاتے ہوئے کینٹر گاڑی چل رہی تھی۔ اچانک بریک لگانے پر پیچھے چل رہی پک اَپ گاڑی کے ڈرائیور بلی چند نے بھی بریک لگائے، اس کے بعد پیچھے سے آ رہی 5 سے 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثہ میں ڈرائیور بلی چند، کشن وتی سمیت کئی لوگوں کو معمولی چوٹ لگی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے گاڑیوں کو ہٹوا کر آمد و رفت کا سلسلہ پھر سے شروع کرایا۔


ایک دیگر معاملے میں حسن پور-گجرولا شاہراہ پر بھی منگل کی صبح گھنے کہرے میں اسکول بس اور کار میں ٹکر ہو گئی تھی، اس کے بعد ایک یونیورسٹی اور بس و کار بھی آکر ان گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں بس ڈرائیور، بس میں سوار 4 بچے اور کار پر سوار ایک ہی کنبہ کے 3 اراکین زخمی ہو گئے۔ پولیس نے زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔ بس کے ڈرائیور اکرم اور کار سواروں کے ابتدائی علاج کے بعد ہائر سینٹر ریفر کیا گیا۔ اس حادثہ کی وجہ سے شاہراہ پر جم بھی لگ گیا تھا جس سے قریب 20 منٹ تک گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔