دہلی میں آج سے ہٹ گئیں گریپ-3 کی پابندیاں، سبھی اسکولوں کو آف لائن چلانے کی اجازت
اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ تازہ حکم کو فوری طور پر نافذ کریں اور اس کی اطلاع طلبہ، والدین اور اساتذہ تک پہنچائیں۔

دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی میں معمولی بہتری کو دیکھتے ہوئے گریپ-3 کی پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔ اب بچوں کے اسکولوں میں معمول کے مطابق کلاسز دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔ دہلی کے محکمہ تعلیم کی جانب سے 17 نومبر 2026 کو جاری سرکلر کے مطابق دہلی کے تمام سرکاری، سرکاری امداد یافتہ اور تسلیم شدہ پرائیویٹ اسکولوں میں اب تمام طلبا کی کلاسز معمول کے مطابق اسکول کے احاطے میں یعنی آف لائن طریقے سے چلائی جائیں گی۔ یہ حکم دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی)، این ڈی ایم سی اور دہلی کینٹونمنٹ بورڈ کے اسکولوں پر بھی نافذ ہوگا۔ اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حکم کو فوری طور پر نافذ کریں اور اس کی اطلاع طلبہ، والدین اور اساتذہ تک پہنچائیں۔
واضح رہے کہ دہلی میں گزشتہ منگل (17 نومبر) کو نومبر کے دوران اب تک کی سب سے صاف ہوا ریکارڈ کی گئی۔ ہوا کا معیار جانچنے کا اشاریہ یعنی اے کیو آئی 204 رہا۔ حالانکہ یہ بھی ’خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔ اس دوران شہر میں اس موسم کی اب تک کی سب سے سرد صبح بھی ریکارڈ کی گئی اور صفدر جنگ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
اس سے پہلے دہلی میں 31 اکتوبر کو اے کیو آئی 117 ریکارڈ کیا گیا تھا، جو ’درمیانہ‘ زمرے میں آتا ہے۔ ہوا کے معیار کی پیمائش کرنے والے 58 مراکز میں سے 31 میں آلودگی کی سطح ’خراب‘ زمرے میں رہی، 26 مراکز پر ہوا کا معیار ’درمیانہ‘ درج کیا گیا، جبکہ ایک مرکز، سری فورٹ میں اے کیو آئی 303 کے ساتھ ہوا کا معیار ’انتہائی خراب‘ زمرے میں رہا۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق نومبر کے بیشتر دنوں میں دہلی دھند کی زد میں رہا اور آلودگی کی سطح بلند رہی۔ دیوالی سے پہلے اور بعد، دونوں ہی موقع پر ہوا کا معیار خراب رہا۔ منگل کو درج اے کیو آئی سے طویل عرصے سے خراب ہوا کا سامنا کرنے والے لوگوں کو کچھ راحت ملی۔ شہر میں پی ایم 2.5 بدستور اہم آلودگی کا سبب بنا رہا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
