ہندوستانی عازمین حج کو ملنے والی سبسڈی ختم!

مختار عباس نقوی کے مطابق اس سال ہندوستان کے 1.75 لاکھ عازمین حج بغیر سبسڈی کے حج بیت اللہ کا سفر کریں گے، اس پر کانگریس کا کہنا ہے کہ حکومت سبسڈی ختم کر کے مسلمانوں کو سخت پیغام دینا چاہتی ہے۔

تصویر بشکریہ فیکٹلی ڈاٹ ان
تصویر بشکریہ فیکٹلی ڈاٹ ان
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی : نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت نےایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے عازمین حج کو دی جانے والی سبسڈی کو ختم کر دیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے منگل کو کہا کہ اس سال ہندوستان سے 1.75 لاکھ عازمین حج بغیر سبسڈی کے حج بیت اللہ کا سفر کریں گے۔

دی ٹریبیون کی ایک رپورٹ کے مطابق مختار عباس نقوی نے کہا کہ عازمین حج کو دی جانے والی سبسڈی کو ختم کرنے سے حج کے سفر پر آنے والے اخراجات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور سبسڈی سے جو پیسہ بچے گا اسے اقلیتی طبقہ کے افراد بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم پر خرچ کیا جائے گا۔

مختار عباس نے کہا کہ جب سے بی جے پی کی حکومت برسر اقتدار آئی ہے تب سے حج کے لئے 700 کروڑ روپے دئے جا چکے ہیں جس کا سب سے زیادہ فائدہ ایئر انڈیا کو پہنچا ہے۔

حج سبسڈی ختم کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان م۔ افضل نے کہا کہ یہ کہنا سراسر غلط ہے کہ حج سبسڈی فنڈ سے ایجنٹوں اور چند کمپنیوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ اس معاملہ کو مسلمانوں کی عزت نفس سے وابستہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’سپریم کورٹ نے بھی حج سبسڈی رفتہ رفتہ 10 سال کے اندر ختم کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن مودی حکومت نے اسے اچانک ختم کر دیا جو کہ غلط ہے۔ ‘‘

م۔افضل نے مزید کہا کہ اتنی جلدی سبسدڈی ختم کر کے مودی حکومت مسلمانوں کو سخت پیغام دینا چاہتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
م۔ افضل

واضح رہے کہ سال 2012 میں عدالت عظمیٰ نے حکومت کو ہدایت دی تھی کہ آئندہ 10 سالوں میں حج پر دی جانے والی سبسڈی کو ختم کر دیا جائے۔ جسٹس آفتاب عالم کی سربراہی والی بینچ نے مرکزی حکومت کی طرف سے ہرسال سعودی عرب بھیجے جانے والے خیر سگالی وفد کے ممبران کی تعداد کو بھی کم کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Jan 2018, 4:09 PM