حکومت نے انڈیگو کے خلاف سخت کارروائی کی، ایئرلائن کی پروازوں میں 10 فیصد کی کمی

ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن کمپنی انڈیگو روزانہ تقریباً 2200 پروازیں چلاتی ہے۔ اب اس میں تقریباً 110 پروازیں روزانہ کم ہوں گی۔ ایئرلائن سے 10 دسمبر تک ترمیم شدہ شیڈول سونپنے کو کہا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

حکومت نے انڈیگو ایئرلائن کی پروازوں میں 10 فیصد کی کمی کا حکم صادر کر دیا ہے۔ شہری ہوابازی کے مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کے متعلق اطلاع دی۔ اس سے قبل ڈی جی سی اے نے ایئرلائن کو پروازوں میں 5 فیصد کی کمی کا حکم دیا تھا۔ ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن کمپنی انڈیگو روزانہ تقریباً 2200 پروازیں چلاتی ہے۔ اب اس میں تقریباً 110 پروازیں روزانہ کم ہوں گی۔ ایئرلائن سے 10 دسمبر تک ترمیم شدہ شیڈول سونپنے کو کہا گیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ پر آفیشیل ذرائع کے حوالے سے شائع خبر کے مطابق ایئر لائن کو اس بارے میں بتا دیا گیا ہے کہ کون کون سی پروازیں کم کی جائیں گی، اس کی فہرست تیار کی جا رہی ہے۔

ڈی جی سی اے کی جانب سے انڈیگو کو جاری ایک آفیشیل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وِنٹر شیڈول کے تحت نومبر 2025 کے لیے ایئرلائن کو فی ہفتہ 15014 روانگی سمیت مجموعی طور پر 64346 پروازوں کو منظوری دی گئی تھی۔ حالانکہ آپریشنل اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ انڈیگو صرف 59438 پروازیں ہی چلا پائیں۔ نومبر میں ایئرلائن کی 951 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ نوٹس کے مطابق انڈیگو کو سَمر شیڈول 2025 کے مقابلہ میں وِنٹر شیڈول میں 6 فیصد اضافے کی اجازت دی گئی تھی، اس کے تحت 403 طیاروں کے استعمال کی منظوری تھی۔ لیکن ایئرلائن اکتوبر 2025 میں صرف 339 اور نومبر 2025 میں 344 طیارے ہی پرواز کر سکیں۔


ڈی جی سی اے نے کہا کہ ایئرلائن نے 2024 کی سردیوں کے مقابلے میں اپنی روانگی میں 9.66 فیصد اور رواں سال گرمیوں کے شیڈول کے مقابلے میں 6.05 فیصد کا اضافہ کیا تھا، لیکن وہ اس شیڈول کو مؤثر طریقے سے منظم نہیں کر سکا۔ ڈی جی سی اے نے اپنی ہدایات میں کہا کہ ’’ایئرلائن کو اپنے شیڈول کو 5 فیصد تک کمی کی ہدایت دی جاتی ہے، یہ کمی خاص طور سے زیادہ مطالبہ اور زیادہ دوروں والے پروازوں میں ہو۔ ساتھ ہی انڈیگو کو کسی روٹ پر جاری واحد پروازوں کو بند کرنے سے بچنا چاہیے۔‘‘

دوسری جانب انڈیگو کے سی ای او پیٹر ایلبرس نے کہا کہ آپ کا ایئرلائن بحران کے دور سے گزرنے کے بعد ایک بار پھر اپنے پیروں پر کھڑا ہو گیا ہے۔ انڈیگو سی ای او نے ویڈیو جاری کر کہا کہ ’’ہم پریشانیوں سے گزرے، مسافروں کو پریشانی ہوئی۔ اس کے لیے ہم معافی چاہتے ہیں۔ ہوائی سفر کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ لوگوں کے جذبات اور عزائم کو ساتھ لاتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ آپ مختلف وجوہات کے سبب سفر کرنے والے تھے، لیکن آپ میں سے ہزاروں ایسا نہیں کر پائے۔ ہم اس کے لیے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔