دہلی میں آٹو، ٹیکسی اور کیب ڈرائیوروں کی علامتی ہڑتال، حکومت سی این جی کی قیمتیں کم کرے:انیل چودھری

انیل چودھری بھی اس ہڑتال کی حمایت میں شامل ہوئے اور حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سی این جی کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے آٹو، ٹیکسی اور کیب ڈرائیوروں کے لیے روزی کمانی مشکل ہوگئی ہے۔

تصویر ٹوئٹر @INCDelhi
تصویر ٹوئٹر @INCDelhi
user

قومی آوازبیورو

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ اور سی این جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث دہلی میں ہزاروں آٹو ٹیکسی ڈرائیوروں نے آج دہلی سکریٹریٹ پر علامتی ہڑتال کی، جس میں وزیر اعلی اروند کیجریوال سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دہلی میں سی این جی کی قیمتوں کو کم کریں۔ دہلی کانگریس کے صدر انیل چودھری بھی اس ہڑتال کی حمایت میں شامل ہوئے اور حکومت کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سی این جی کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے آٹو، ٹیکسی، کیب ڈرائیوروں کے لیے روزی کمانا مشکل ہو گیا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ میں سی این جی کی قیمت میں 9 مرتبہ اضافہ کرنے کے بعد 12.10 روپے بڑھ گئی ہے، جس کے بعد دہلی میں سی این جی 69.11 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہو رہی ہے، جس کے سبب دہلی میں تقریباً ایک لاکھ آٹو ڈرائیور متاثر ہو رہے ہیں۔


دہلی میں آٹو، ٹیکسی اور کیب ڈرائیوروں کی یونین کے مظاہرے میں دہلی کانگریس کے صدر انیل چودھری کے ساتھ ٹرانسپورٹ یونین کے صدر کشن ورما، راجیندر سونی، اولا اوبر ٹیکسی یونین کے روی راٹھور، سمیر امبالا سمیت سینکڑوں آٹو ڈرائیور شامل تھے۔

دہلی آٹو رکشہ یونین کا کہنا ہے کہ اگر سی این جی کے نرخوں پر سبسڈی دے کر راحت نہیں ملی تو 18 اپریل سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی جائے گی، جس کی ذمہ داری مرکز اور دہلی حکومت کی ہوگی۔ اس دوران انیل کمار نے مزید کہا کہ سی این جی کے نرخوں میں کمی کے ساتھ ساتھ دہلی آٹو ڈرائیوروں کا بنیادی مطالبہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ذریعہ ہورے ظلم اور بدعنوانی بھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔