تیل کی قیمت میں غیر متوقع کمی کا فائدہ غریبوں کو دے حکومت: کانگریس

کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا بحران کے سبب لاک ڈاؤن سے پوری دنیا میں تیل کی مانگ میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے اس کی قیمتوں میں غیر متوقع کمی آئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں غیرمتوقع گراوٹ سے حکومت نے لاکھوں روپے کا منافع حاصل کیا ہے، لہذا کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا بحران سے جوجھ رہے غریبوں کو اس کا فائدہ دینا چاہیے۔

کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا بحران کے سبب لاک ڈاؤن سے پوری دنیا میں تیل کی مانگ میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے اس کی قیمتوں میں غیر متوقع کمی آئی ہے۔ تیل کی پیداوار کو روکا نہیں جا سکتا ہے، اس لئے تیل تیار کرنے والے ممالک نے تیل کے فروخت کی پیش کش بھی کی ہے۔ ہندوستان تیل درآمد کرنے والا دنیا میں دوسرا سب سے بڑ املک ہے اور ہمارے پاس ذخیرہ اندوزی کی بھی غیر معمولی صلاحیت ہے۔ پھر بھی ہندوستان نے تیل کی درآمدات نہیں کی ہے۔


انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک قیمت میں گراوٹ کا فائدہ اٹھانے کی حالت میں نہیں ہیں۔ کیونکہ ان کے پاس تیل ذخیرہ کرنے کے وسائل محدود ہیں۔ لیکن ہندوستان کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔ تیل کی قیمت میں بے تحاشہ کمی سے ہم منافع کما سکتے ہیں لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا اور اس نے تیل کی درآمدات سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس کا خلاصہ کرنا چاہیے کہ اس نے کن وجوہات سے درآمدات نہیں کی۔

ترجمان نے کہا کہ چھ سال میں حکومت نے 20 مرتبہ پٹرول اور ڈیزل پر ڈیوٹی بڑھائی ہے اور اس سے 20 لاکھ کروڑ کا فائدہ ہوا ہے۔ اس وقت ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے شمار افراد فاقہ کشی کے دہانے پر ہیں اس لئے حکومت کو تیل سے حاصل ہونے والے فوائد کو غریبوں میں تقسیم کرنا چاہیے اور ملک کے عوام کو راحت پہنچانی چاہیے۔


کانگریس ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کا چاول سے سینیٹائزر بنانے کا منصوبہ ان غریبوں کے ساتھ مذاق ہے جو لاک ڈاؤن کے سبب بھکمری کے دہانے پرہیں۔ ملک کے مختلف حصوں سے بھوک سے بے حال لوگوں کے دل دہلا دینے والے ویڈیو آرہے ہیں، فاقہ کشی کی وجہ سے لو گ کچھ بھی کھانے کو تیار ہو رہے ہیں لیکن حکومت ان لوگوں کی ان دیکھی کرکے ان کے حصے کے چاول سے امیروں کے لئے سینیٹائزر بنانے جارہی ہے۔ یہ ملک کے لاکھوں غریبوں کے ساتھ حکومت کی طرف سے کیا جا رہا ہے بے رحم مذاق ہے۔

کورونا وائرس کے تعلق سے وی وی آئی پی کے ذریعہ مقرر کردہ اصولوں کی خلاف ورزی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں خاص وعام سبھی کو اسے ہرانے کے لئے اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ حکومت کو یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ کورونا وائرس کو صرف لاک ڈاؤن سے ہی نہیں ہرایا جاسکتا کیونکہ لاک ڈاؤن اس جنگ کا ایک حصہ ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بہت پہلے حکومت کو یہ مشورہ دیا تھا اس لئے حکومت کو ان کا مشورہ سمجھنا چاہیے۔


انہوں نے کہا کہ حکومت کوکانگریس کی اس صلاح کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور اس وائرس سے لڑنے کے لئے حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے، اسے مکمل شکست دینے کے لئے قدم اٹھانا چاہیے۔ ماہرین سے تبادلہ خیال ہو، ٹیسٹنگ میں اضافہ کرتے ہوئے اس سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار ہو۔ اس تعلق سے حکومت کو کسی بھی صلاح ومشورے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Apr 2020, 7:40 PM