’بہار میں حکومت بدلنے والی ہے‘، پٹنہ میں بولے تیجسوی یادو
پٹنہ میں ایک پروگرام کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’ بہار میں حکومت بدلنے جا رہی ہے۔ دلت اور قبائلی طبقوں نے موجودہ حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کا تہیہ کر لیا ہے۔‘‘

بہار میں آئندہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تمام سیاسی پارٹیاں میدان میں آ چکی ہیں۔ بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے بہار کی این ڈی اے حکومت کو ایک بار پھر ہدف تنقید بنایا ہے۔ راجدھانی پٹنہ میں ایک پروگرام کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار میں حکومت بدلنے جا رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دلت اور قبائلی طبقوں نے موجودہ حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کا تہیہ کر لیا ہے۔
تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کر وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر جم کر حملہ بولا ہے۔ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’’ایک ریاست کے وزیر اعلیٰ کو اس قدر قابل رحم حالت میں دیکھ آپ کو کیسا لگ رہا ہے؟ کیا عجیب حرکت کرتے معزز وزیر اعلیٰ آپ کو ذہنی طور پر صحت مند نظر آ رہے ہیں؟ کیا ان کی ایسی حالت بی جے پی کے اشارے پر ان کی خاص بھونجا پارٹی نے پرساد یا دیگر کھانے پینے کی اشیاء کھلانے کے بہانے کی ہے؟ بہار کی اکثریت اس کی حقیقت جاننا چاہتی ہے۔‘‘
واضح ہو کہ تیجسوی یادو کے ذریعہ شیئر کردہ یہ ویڈیو کوشل کانووکیشن کا بتایا جا رہا ہے۔ اس پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ شامل ہوئے تھے، جبکہ پٹنہ کے اسٹیج پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور مرکزی وزیر للن سنگھ موجود تھے۔ تیجسوی یادو نے ایک دیگر بیان میں کہا کہ ’’نتیش کمار اب بہار چلانے کے قابل نہیں رہے۔ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور کچھ لیڈران صرف ان کے چہرے کا استعمال اپنی سیاست کو بہتر کرنے اور تجوری بھرنے کے لیے کر رہے ہیں۔ بہت جلد سب بے نقاب ہو جائیں گے۔‘‘
حال ہی میں آر جے ڈی لیڈر تیجسودی یادو نے الزام عائد کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو بی جے پی نے ہائی جیک کر لیا ہے۔ پٹنہ میں ’اتی پچھڑا نیائے سنکلپ‘ پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا تھا کہ ’’بہار کے وزیر اعلیٰ ہوش میں نہیں ہیں۔ انہیں بی جے پی نے ہائی جیک کر لیا ہے۔ حکومت اصل میں 2 لوگ مودی اور امت شاہ بدعنوان افسران کی مدد سے چلا رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔