حکومت کی ریزرویشن ختم کرنے کی سازش: ادت راج

ادت راج نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف لڑائی کو آسانی سے نہیں لڑا جاسکتا اس لیے سبھی کو پرعزم ہو کر حکومت کی پالیسیوں کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا اور اس کی سازش کے خلاف سختی سے لڑائی لڑنی ہوگی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی تنظیموں کی آل انڈیا فیڈریشن کے چیئرمین ادت راج نے مودی حکومت کو بے حس اور گونگی بہری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سرکاری اداروں کی نجکاری کرکے ریزرویشن کو ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے اس لیے اس کی پالیسیوں کے خلاف عوامی تحریک کی ضرورت ہے ۔

سابق رکن پارلیمان ادت راج نے اتوار کو ملک کے مختلف حصوں سے یہاں رام لیلا میدان میں جمع ہوئے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کا ہرقدم دلت ،آدی واسی، کسان اور غریب مخالف ہے۔ یہ حکومت ریزرویشن مخالف ہے اور اسے ختم کرنے کے لیے وہ سرکاری کمپنیوں کی نجکاری کر رہی ہے۔


حکومت کی ریزرویشن ختم کرنے کی سازش: ادت راج

کانگریس لیڈر نے کہا کہ مودی حکومت تقریروں اور ریلیوں سے ماننے والی نہیں ہے کیونکہ وہ آئینی اقدار پر عمل نہیں کر رہی ہے اس لیے آئینی ضابطوں کو ختم کرنے پر بضد ہے۔ حکومت کا ہدف ریزرویشن کوختم کرنا ہے اور اس کے لیے اس نے سرکاری اداروں اور کمپنیوں کی نجکاری کا راستہ منتخب کیا ہے۔ان کمپنیوں کی نجکاری ہونے کے بعد وہاں ریزرویشن نافذ نہیں کیا جاسکے گا اور ملک میں ریزرویشن کا نظام از خود ختم ہو جائے گا۔


انھوں نے کہا کہ جس رفتار سے یہ حکومت نجکاری کی راہ پر آگے بڑھ رہی ہے اسے روکنا اب آسان نہیں ہے۔ اس پالیسی کے خلاف اس حکومت سے ٹکرانے کی ضرورت ہے۔ اس حکومت کا مقابلہ تقریروں، ریلیوں یا اس طرح کے پروگراموں سے نہیں بلکہ تحریک کے ذریعہ کرنا ہوگا۔ سبھی دلتوں اور آدی واسیوں کو اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر اترنا ہوگا۔ ادت راج نے کہا کہ اس حکومت کی پالیسیوں کے خلاف لڑائی کو آسانی سے نہیں لڑا جاسکتا اس لیے سبھی کو پرعزم ہوکر حکومت کی پالیسیوں کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا اور اسکی سازش کے خلاف سختی سے لڑائی لڑنی ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ یہ حکومت تقریر سے نہیں مانتی ہے۔ جبکہ تقریروں کی بدولت یہ حکومت بنی ہے اس لیے اسے تحریک سے ہی اپنی بات منوانی پڑے گی۔ حکومت نے بے حسی کا طریقہ اختیار کیا ہے اور وہ من مانی پر اتر آئی ہے۔ کتنی ہی بڑی ریلی کرلو اس کا اثر نہیں ہوگا کیونکہ میڈیا پر حکومت کا کنٹرول ہے۔اخبار والے خبر چھاپیں گے نہیں۔ حکومت ظلم ڈھا رہی ہے اور اس سے لڑنا آسان نہیں ہے اس لیے سب کو پورے عزم کے ساتھ اس کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ صرف حکومت کی سازش اور نجکاری کے خلاف ہی یہ لڑائی نہیں ہے بلکہ بے روزگاری، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خلاف بھی لڑائی لڑنی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔