ہندوستان کی 2 ریاستیں ’کورونا انفیکشن‘ سے پاک قرار

کورونا کے خلاف جاری جنگ کے درمیان کچھ اچھی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ گوا کے بعد اب منی پور کورونا وائرس انفیکشن سے پاک ہونے والی دوسری ریاست ریاست بن گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ملک بھر میں کورونا وائرس انفیکشن کے مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھتی جا رہی ہے۔ کورونا وائرس نے ملک کی تقریباً سبھی ریاستوں کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ لیکن کچھ ایسی ریاستیں ہیں جہاں سے اچھی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ گوا کو کورونا انفیکشن سے پاک ریاست قرار دیا گیا تھا اور اب منی پور بھی کورونا انفیکشن سے پاک قرار دے دیا گیا ہے۔ اس کی جانکاری وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے بذریعہ ٹوئٹ دی۔


منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے یہ جانکاری دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ "بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ منی پور کورونا سے پاک ہو گیا ہے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "سبھی مریض ٹھیک ہو گئے ہیں اور ان کی رپورٹ نگیٹو آئی ہے۔"

اس سے قبل گوا ملک کی پہلی ریاست بنی تھی جہاں سبھی مریض صحت مند ہو کر اپنے گھر واپس چلے گئے۔ کورونا وائرس سے انفیکشن ہونے والے سبھی 7 مریض علاج کے بعد ٹھیک ہو گئے اور سبھی کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ اس کی جانکاری ریاست کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت اور وزیر صحت وشوجیت رانے نے اتوار کو دی تھی۔


دوسری طرف کورونا وائرس کو لے کر مرکزی وزارت صحت نے جو تازہ اعداد و شمار پیش کیے ہیں، اس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر ملک میں کورونا کے 1553 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اسی دوران 36 لوگوں کی موت بھی ہو گئی۔ وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کل کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 17265 ہو گئی ہے۔ ان میں 14175 معاملے ایکٹیو ہیں۔ 2546 لوگوں کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دی جا چکی ہے۔ پورے ملک میں اب تک 543 لوگ کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔