خوشخبری! آبنائے ہرمز پار کر ہندوستان پہنچا ایل پی جی سے بھرا جہاز ’شیوالک‘، اب دوسرے جہاز ’نندا دیوی‘ کا ہے انتظار

’شیوالک‘ میں تقریباً 54 ہزار ٹن ایل پی جی بھرا ہوا ہے۔ اس کے ہندوستان آنے سے گیس سپلائی کی کمی کا سامنا کر رہے لوگوں کو راحت ملے گی۔ ’نندا دیوی‘ جہاز بھی کل، یعنی منگل کو کانڈلا بندرگاہ پہنچ رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>جہاز ’شیوالک‘، ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی کے درمیان ہزاروں ٹن ایل پی جی سے بھرا جہاز ’شیوالک‘ ہندوستان پہنچ گیا ہے۔ کئی طرح کے اندیشوں کے درمیان ہندوستان پہنچے اس جہاز نے عوام کو ایک راحت بھری سانس دی ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے ایل پی جی سلنڈرز کے لیے پریشان حال عوام کو کچھ حد تک سکون ملا ہے کہ آنے والے دنوں میں انھیں گھر میں کھانا پکانے کے لیے گیس سلنڈر مل جائے گا۔

دراصل اسرائیل و امریکہ کے ذریعہ ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ، اور اس کے بعد ایران کی جوابی کارروائی نے پوری دنیا میں مشکل حالات پیدا کر دیے ہیں۔ اس جنگ کا اثر سمندری راستوں پر بھرپور انداز میں پڑا ہے۔ ایران نے جب سے آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کیا ہے، اور کچھ جہازوں پر کو ہدف بنایا ہے، تب سے حالات بہت بگڑ گئے ہیں۔ ایران سے نے کچھ ہی جہازوں کو وہاں سے گزرنے کی اجازت دی ہے، اور یہ وہ جہاز ہیں جو اس کے دوست ممالک کے ہیں۔ ایل پی جی سے لدے 2 ہندوستانی جہازوں کو بھی آبنائے ہرمز پار کرنے کی اجازت ایران نے دی، جن میں سے ایک ’شیوالک‘ آج قطر سے ہوتے ہوئے ہندوستان پہنچ گیا ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ ’شیوالک‘ اور ’نندا دیوی‘ میں مجموعی طور پر تقریباً 92712 ٹن لیکویفائیڈ پٹرولیم گیس (ایل پی جی) موجود ہے، جو آبنائے ہرمز سے حفاظت کے ساتھ باہر نکلے اور ہندوستان کی طرف بڑھے۔ ’شیوالک‘ آج گجرات کے ’مندرا‘ بندرگاہ پر پہنچ چکا ہے، جبکہ ’نندا دیوی‘ 17 مارچ کو ’کانڈلا‘ پہنچے گا۔ ’شیوالک‘ جہاز میں تقریباً 54 ہزار ٹن ایل پی جی بھرا ہوا ہے۔ اس کے ہندوستان آنے سے گیس سپلائی کی کمی کا سامنا کر رہے لوگوں کو راحت ملے گی۔ ’شیوالک‘ ان جہازوں میں سے ایک ہے جو خلیجی خطہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے آبنائے ہرمز کے مغربی حصہ میں پھنسا ہوا تھا۔

’مرین ٹریفک ڈاٹ کام‘ کے مطابق یہ جہاز قطر کے ’راس لفان پورٹ‘ سے گیس بھرنے کے بعد 7 مارچ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2.53 بجے روانہ ہوا تھا۔ اسے آبنائے ہرمز سے ہی گزرنا تھا اور ایران نے اس راستے پر پابندی لگا دی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ جمعہ کی شب اور ہفتہ کی صبح کے درمیان آبنائے ہرمز علاقہ کو پار کرتے ہوئے آج ہندوستان پہنچا۔


آج جب ’شیوالک‘ مندرا پورٹ پر پہنچے والا تھا، تو اس چند گھنٹے قبل حکومت ہند میں وزارت جہاز رانی کے افسر راجیش کمار نے میڈیا کو دیے گئے ایک بیان میں بتایا تھا کہ ’’شیوالک ایل پی جی کیریئر، جو خلیج فارس سے روانہ ہوا تھا، آبنائے ہرمز کو عبور کرنے کے بعد ہندوستان کی طرف بڑھ رہا ہے۔ آج شام تقریباً 5 بجے یہ ہندوستان پہنچے گا، یا پھر ممکن ہے اس کے ایک گھنٹے بعد آئے گا۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ ’’شیوالک کی آمد سے پہلے بندرگاہ پر کاغذی کارروائی، ترجیحی برتھنگ اور دیگر تمام انتظامات کر دیے گئے ہیں تاکہ اس جہاز کے ذریعہ لائے گئے کارگو کو اتارنے میں کوئی تاخیر نہ ہو۔‘‘

بہرحال، خلیج فارس علاقہ میں مزید کئی ہندوستانی جہاز پھنسے ہوئے ہیں۔ سامنے آئی جانکاری کے مطابق تمام ہندوستانی جہاز اور اس پر موجود ملاح محفوظ ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطاع نہیں ملی ہے اور صورت حال پر اعلیٰ عہدیداران مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وزارتِ جہازرانی کا کہنا ہے کہ وہ ہر جہاز اور اس کے عملہ سے رابطے میں ہیں۔ ہفتہ کے روز ہی یہ آفیشیل جانکاری سامنے آئی تھی کہ 22 ہندوستانی جہاز آبنائے ہرمز کے مغرب میں خلیج فارس میں موجود ہیں، جن پر 611 ہندوستانی ملاح سوار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔