فٹبال شائقین کے لیے خوشخبری، ہندوستان آئے گی 5 بار کی ورلڈ چمپئن برازیل کی ٹیم!

کولکاتہ کا برازیلین فٹبال کے ساتھ کافی تاریخی رشتہ رہا ہے۔ فٹبال کی عظیم ترین شخصیت پیلے نے 1977 میں نیویارک کاسموس کی طرف سے کھیلتے ہوئے ایڈن گارڈنز میں موہن بگان کے خلاف ایک تاریخی میچ کھیلا تھا۔

فٹبال، تصویر آئی اے این ایس
i

ہندوستانی فٹبال شائقین کے لیے ایک بہت بڑی خوشخبری سامنے آ رہی ہے۔ دنیا کی سب سے مقبول اور 5 بار کی ورلڈ چمپئن برازیل فٹبال ٹیم اکتوبر میں ہندستان کے دورے پر آ سکتی ہے۔ ’ای ایس پی این برازیل‘ کی رپورٹ کے مطابق برازیل فٹبال ایسوسی ایشن (سی بی ایف) رواں سال اکتوبر کے آغاز میں ہندوستان میں ایک دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے منتظمین کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔

اس مجوزہ مقابلے کی میزبانی فٹبال کا ’مکہ‘ کہے جانے والے شہر کولکاتہ کو ملنے کا امکان ہے۔ رپورٹس کے مطابق سی بی ایف اور منتظمین کے درمیان اس میچ کے حوالے سے ابتدائی بات چیت امریکہ میں منعقد ہونے والے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے دوران ہی شروع ہو گئی تھی۔ حالانکہ اب تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ 5 بار کی ورلڈ چمپئن ٹیم کا مقابلہ ہندوستانی قومی ٹیم سے ہوگا یا کسی دوسری بین الاقوامی ٹیم سے۔


فیفا کی انٹرنیشنل ونڈو 21 ستمبر سے 6 اکتوبر کے درمیان ہونے والی ہے۔ اس دوران برازیل کی ٹیم مجموعی طور پر 3 میچ کھیلنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ جس میں سے 2 میچ آسٹریلیا میں اور ایک میچ ہندوستان میں کروانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ 25 ستمبر کو آسٹریلیا کے ٹاؤنز ویل میں پہلا مقابلہ کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 29 ستمبر کو آسٹریلیا کے برسبین میں دوسرا میچ کھیلا جائے گا۔ اکتوبر کے آغاز میں ہندوستان میں تیسرا دوستانہ میچ ہوگا۔

برازیل فٹبال ایسوسی ایشن نے اس دوران بنگلہ دیش میں چوتھا میچ کھیلنے پر بھی غور کیا تھا، لیکن کھلاڑیوں کی تھکن، سفر کے وقت اور تیاریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے 4 میچ کھیلنے کا ارادہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ سنگاپور سے بھی بات چیت ہوئی تھی لیکن کوئی معاہدہ نہ ہو سکا، جس کے بعد کولکاتہ کا دعویٰ سب سے مضبوط مانا جا رہا ہے۔


کولکاتہ کا برازیلین فٹبال کے ساتھ کافی تاریخی رشتہ رہا ہے۔ فٹبال کی دنیا کی عظیم ترین شخصیت پیلے نے 1977 میں نیویارک کاسموس کی طرف سے کھیلتے ہوئے ایڈن گارڈنز میں موہن بگان کے خلاف ایک تاریخی میچ کھیلا تھا۔ اس کے بعد وہ 2015 میں بھی کولکاتہ آئے تھے۔ اگر یہ دورہ طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوتا ہے، تو کولکاتہ کے شائقین کو ونی سیئس جونیئر جیسے فٹبال کے مایہ ناز ستاروں کو اپنی آنکھوں کے سامنے میدان پر کھیلتے ہوئے دیکھنے کا سنہرا موقع مل سکتا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔