جہاز مسافرین کے لئے ڈی جی سی اے کی طرف سے خوشخبری، جلد ملے گا ٹکٹ ریفنڈ

ڈی جی ایس اے نے کہا ہے کہ پہلے زمرے کے جن مسافروں نے براہ راست ائر لائنس سے ٹکٹ بک کرائی ہے انہیں بغیر کسی فیس کاٹے ٹکٹ رد کرانے کے وقت سے تین ہفتے کے اندر پورا پیسہ واپس کیا جانا چاہیے

تصویر بشکریہ بزنس اسٹنڈر ڈاٹ کام
تصویر بشکریہ بزنس اسٹنڈر ڈاٹ کام
user

یو این آئی

نئی دہلی: کووڈ۔19 وبا کی وجہ سے جن مسافروں کی پروازیں رد ہوگئی تھیں، انہیں ٹکٹ کے پیسے واپس کرنے کے لئے ڈائرکٹر جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے تفصیلی ہدایات جاری کی ہیں۔ ٹکٹ ریفنڈ کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے حکم کے بعد سول ایوی ایشن ریگولیٹر نے ہدایات جاری کی ہے۔ بدھ کو جاری سرکلر میں اس نے کہا ہے کہ مسافروں کو تین زمروں میں رکھا گیا ہے۔ پہلے زمرے میں وہ مسافر ہیں جنہوں نے 25 مارچ سے 24 مئی کے درمیان سفر کے لئے بکنگ کرائی تھی۔ یہ وہ وقت ہے جب ملک میں سبھی طرح کی معمول کی پروازیں پوری طرح بند تھیں۔

دوسرے زمرے میں ان مسافروں کو رکھا گیا ہے جنہوں نے لاک ڈاؤن سے پہلے بکنگ کرائی تھی لیکن ان کی پرواز 24 مئی یا اس سے پہلے کی تھیں۔ تیسرے مرحلے میں ان مسافروں کو رکھا گیا ہے جنہوں نے 25 مئی یا اس کے بعد کے سفر کے لئے بکنگ کرائی تھی۔


ڈی جی ایس اے نے کہا ہے کہ پہلے زمرے کے جن مسافروں نے براہ راست ائر لائنس سے ٹکٹ بک کرائی ہے انہیں بغیر کسی فیس کاٹے ٹکٹ رد کرانے کے وقت سے تین ہفتے کے اندر پورا پیسہ واپس کیا جانا چاہیے، بھلے ہی مسافر نے اپنی طرف سے ہی ٹکٹ کیوں نہ رد کرائی ہو۔ جن مسافروں نے ٹریویل ایجنٹ کے ذریعہ ٹکٹ بک کرائی ہے ان کے معاملے میں جہاز کمپنیوں کو فوراً ہی پورا پیسہ ٹریول ایجنٹ کو لوٹانے کے لئے کہا گیا ہے جس کے بعد ٹریویل ایجنٹ فوری طور سے مسافر کو پیسہ واپس کرے گا۔

دوسرے مرحلے میں مسافروں کے لئے ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اگر انہوں نے انڈین ائرلائنس سے یا ایجنٹ سے ٹکٹ بک کرائے ہیں تو انہیں 22 اکتوبر تک پورا پیسہ واپس کیا جائے گا۔ اگر ائیرلائن کی مالی صورت حال کمزور ہے تو وہ اس ٹکٹ کے بدلے مسافر کو یکساں قدر کے کریڈٹ شیل جاری کرسکتی ہے جس کا استعمال مسافر 31 مارچ 2021 تک اس ائرلائنس کے نٹ ورک میں کسی بھی راستے پر سفر کرسکے۔ وہ چاہے تو اس کریڈٹ شیل کو کسی دوسرے مسافر یا اس ٹریویل ایجنٹ کو بیچ بھی سکتا ہے جس کے ذریعہ سے ٹکٹ بک کرایا گیا تھا۔


کریڈٹ شیل کا 31 مارچ 2021 تک استعمال نہیں کرنے پر پورا پیسہ سود سمیت واپس کیا جائے گا۔ پرواز رد ہونے کی تاریخ سے 30 جون تک 0.5 فیصد ماہانہ سود طے ہوگا۔ اس کے بعد 0.75 فیصد ماہانہ کی شرح سے سود دینا ہوگا۔ تیسرے زمرے کے مسافروں کو یعنی جن کے ٹکٹ 25 مئی یا اس کے بعد کے سفر کے لئے تھے کووڈ۔19 سے پہلے کے اصولوں کے مطابق ریفنڈ ملے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */