خوشخبری! کووی شیلڈ کی قیمت میں بڑی کمی کا اعلان، 600 کی جگہ اب 225 روپے میں لگے گا ٹیکہ

ادار پونا والا نے کہا کہ ’’مرکزی حکومت کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد ایس آئی آئی نے نجی اسپتالوں کے لیے کووی شیلڈ ویکسین کی قیمت 600 روپے سے گھٹا کر 225 روپے فی خوراک کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔‘‘

کورونا ویکسین ’کووی شیلڈ‘
کورونا ویکسین ’کووی شیلڈ‘
user

قومی آوازبیورو

ایک طرف اومیکرون کے ایکس ای ویریئنٹ کو لے کر کچھ لوگوں میں خوف ہے، تو دوسری طرف ایک بڑی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ کووی شیلڈ کی قیمت میں بڑی کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ کووی شیلڈ کی قیمت نصف سے بھی زیادہ کم کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین لگا سکیں اور کورونا کے خلاف جنگ میں تیزی کے ساتھ آگے بڑھا جا سکے۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) ادار پوناوالا کا کہنا ہے کہ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا نے نجی اسپتالوں کے لیے کووی شیلڈ ویکسین کی قیمت 600 روپے سے گھٹا کر 225 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادار پونا والا نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ مرکزی حکومت کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد ایس آئی آئی نے نجی اسپتالوں کے لیے کووی شیلڈ ویکسین کی قیمت 600 روپے سے گھٹا کر 225 روپے فی خوراک کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ 18پلس عمر والے گروپ کے لیے احتیاطی خوراک (بوسٹر ڈوز) کی اجازت دیے جانے کے مرکز کا فیصلہ قابل تعریف ہے۔


واضح رہے کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے مرکزی حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 18 سال کی عمر سے زیادہ کے لوگوں کو بھی بوسٹر ڈوز لگوانے کی اجازت کا فیصلہ کیا ہے۔ اب بالغ افراد 10 اپریل سے پرائیویٹ سنٹر جا کر بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں۔ جن لوگوں کو ویکسین کی دوسری خوراک لگے 9 مہینے ہو چکے ہیں، وہ اس تیسری ویکسین کے لیے اہل ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔