فلمی اسٹائل میں اُڑایا کروڑوں روپئے کا سونا، 6 روز کی میراتھن کارروائی کے بعد 5 ملزمین گرفتار

دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ کے 3ارکان ابھی تک فرار ہیں۔ ان کی شناخت ہو گئی ہے اور جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ باقی سونا اور چوری کی رقم جلد برآمد کر لی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی پولیس (فائل)/ ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

قومی راجدھانی کے مصروف ترین علاقہ قرول باغ میں’اسپیشل 26 ’ فلمی اسٹائل میں واردات انجام دینے والے گروہ کو پولیس نے دبوچ لیا ہے۔ فرضی پولیس اور فرضی انکم ٹیکس اور ای ڈی افسر بن کرایک کلو سے زیادہ سونا لوٹنے والے اس گروہ کو بے نقاب کرنے میں دہلی پولیس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے 5 ملزمین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 435.03 گرام سونا، 3.97 لاکھ روپے نقد اور واردات میں استعمال ہونے والی 3 گاڑیاں برآمد کرلی ہیں۔

’اے بی پی نیوز‘ کی خبر کے مطابق گزشتہ27 نومبر کو قرول باغ میں واقع ایک زیورات کی دکان میں 5 لوگ دہلی پولیس کی نقلی وردی پہن کراور4 لوگ انکم ٹیکس/ای ڈی افسربن کر گھسے۔ اندر جاتے ہی انہوں نے ملازمین کے موبائل فون ضبط کر لیے اور خود کو سرکاری ٹیم بتاکر فرضی چھاپہ ماری شروع کردی۔ چند منٹوں میں ملزم تقریباً ایک کلو سونا لے کر فرار ہو گئے۔ واردات کو چھپانے کے لیے وہ دکان کا سی سی ٹی وی ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے تاکہ کسی بھی طرح کی فوٹیج ہاتھ نہ لگے۔


شکایت ملنے پر پولیس نے کیس کو ہائی پروفائل مانتے ہوئے کئی ٹیمیں تشکیل دیں۔ آس پاس نصب 250 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی۔ پورے معاملے پر پولیس نے بڑی باریکی سے نظر رکھی۔ مسلسل نگرانی اور تکنیکی سراغ کی بنیاد پر پولیس نے1,200 کلومیٹر پر محیط ایک بین ریاستی آپریشن چلایا اور ہریانہ کے بہادر گڑھ، روہتک، حصار، ہانسی اور دہلی میں چھاپے مارکر گینگ کے 5 ارکان کو گرفتارکرلیا۔

پوچھ گچھ میں پتہ چلا کہ یہ پوری واردات ہندی فلم ’اسپیشل 26‘ سے متاثر تھی۔ گرفتار ملزمین میں ایک سرکاری ملازم اور ایک شخص جو خود کو مدھیہ پردیش حکومت کے محکمہ رابطہ عامہ میں اسسٹنٹ پبلک ریلیشن آفیسر(او ایس ڈی) ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، شامل ہیں۔ اس گینگ نے فلم دیکھنے کے بعد یہ منصوبہ بنایا، پھر دہلی پولیس کی جعلی آئی ڈی، لین یارڈ، وردی اور سرکاری گاڑیوں سے مشابہ گاڑیاں تیارکیں۔ سونا لوٹنے کے بعد ملزمین نے آپس میں تقسیم کرلیا جس کا بڑا حصہ فروخت کر دیا گیا تھا۔ دہلی پولیس اب فروخت کئے گئے سونے کو برآمد کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔


اگرچہ ملزمین نے خواہ دکان سے ڈی وی آراکھاڑ لیا لیکن سڑک پر لگے ایک کیمرے میں ان کی گاڑی کا معمولی حصہ ریکارڈ ہو گیا۔ اس سے پولیس کو پہلا بڑا سراغ مل گیا۔ فوٹیج کو زوم کرکے اور بڑھا کر پولیس نے گاڑی کا پتہ لگایا اور پھرنمبراور لوکیشن ٹریکنگ نے اسے ملزمین تک پہنچا دیا۔ دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ کے 3ارکان ابھی تک فرار ہیں۔ ان کی شناخت ہو گئی ہے اور جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ باقی سونا اور چوری کی رقم جلد برآمد کر لی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔