بڑی خبر: علی گڑھ میں دو بسوں کی زبردست ٹکّر، 9 ہلاک، درجنوں زخمی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

04 Sep 2018, 7:24 PM

علی گڑھ: دو بسیں آپس میں ٹکرائیں، 7 ہلاک 2 درجن سے زائد زخمی

علی گڑھ میں تھانہ بنّا دیوی کے محلہ امّوریا سے ایک بارات پرائیویٹ بس سے جا رہی تھی تبھی سامنے سے آ رہی منی بس سے اس کی زوردار ٹکر ہو گئی۔ اس تصادم میں دونوں بسوں کو زبردست طریقے سے نقصان پہنچا ہے اور لوگوں کی ہلاکت کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اس حادثہ میں دو درجن سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ موقع پر پہنچی پولس نے راہ گیروں کی مدد سے بسوں سے سنگین طور پر زخمی لوگوں کو باہر نکال کر ضلع اسپتال اور میڈیکل بھیجا ہے۔

ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے دو لوگوں کی موت روسا اسپتال، تین لوگوں کی موت ضلع اسپتال اور دو لوگوں کی موت میڈیکل میں ہو گئی۔ بعد ازاں 2 مزید لوگ ہلاک ہو گئے۔ دو درجن سے زائد لوگ زخمی حالت میں اسپتال میں داخل ہیں۔ ان میں سے چار لوگوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔ یہ حادثہ تھانہ مڈراک علاقہ کے ٹول پلازہ سے آگے کوٹھیا موڑ پر علی گڑھ سے فیروز آباد جا رہی بارات کی بس اور منی بس میں تصادم ہو گیا۔ حادثہ ہوتے ہی بسوں میں سوار لوگوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ اطلاع پر پہنچی پولس نے زخمیوں کو فوراً ضلع اسپتال پہنچایا۔

اطلاعات کے مطابق تھانہ بنّا دیوی علاقہ کے مال گودام واقع امّوریا سے بھورا کے بیٹے دانش کی بارات فیروز آباد کے رام گڑھ جا رہی تھی۔ بس میں تقریباً 50 باراتی موجود تھے۔ جیسے ہی بس مڈراک ٹول پلازہ سے دو کلو میٹر آگے پہنچی تبھی سامنے سے آ رہی منی بس سے اس کی ٹکر ہو گئی۔

04 Sep 2018, 6:10 PM

کولکاتا: ماجیرہاٹ میں پل گرنے سے افرا تفری، کئی گاڑیوں کے دبنے کا اندیشہ

کولکاتا کے ماجیرہاٹ میں پل گرنے کا اندوہناک حادثہ سامنے آیا ہے۔ پل کے نیچے کئی کار اور موٹر سائیکل کے دبنے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ موقع پر پولس اور انتظامیہ پہنچ گئی ہے اور راحت کام شروع ہو چکا ہے۔ یہ پل تاراتلا سے مومن پور کو جوڑتا ہے۔ پل کافی پرانا ہے جس کی تعمیر 1970 میں کی گئی تھی۔

چشم دید لوگوں کے مطابق یہ حادثہ تقریباً ساڑھے چار بجے سرزد ہوا۔ پل کے نیچے کئی گاڑیوں کے دبنے ہونے کا اندیشہ لوگ ظاہر کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی لوگ اس پل کے نیچے دبے ہو سکتے ہیں۔ راحت رسانی کے کام میں بھی مقامی لوگ لگے ہوئے ہیں۔ خبروں کے مطابق فوج کے لوگوں کو فی الحال راحت رسانی کے کام کے لیے نہیں بھیجا گیا ہے حالانکہ جائے حادثہ کے قریب آرمی فیلڈ اسپتال سے فوج کی ٹکڑی کو راحت کام کے لیے بھیجا گیا ہے۔

حادثے کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اظہارِ غم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے پولس سے اس حادثے کی رپورٹ طلب کی ہے۔‘‘ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم موقع پر موجود ہے۔ ممتا بنرجی فی الحال دارجیلنگ میں ہیں۔ وہاں انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ابھی ہماری مکمل توجہ لوگوں کو وہاں سے محفوظ نکالنے اور راحت کاموں پر ہے، بقیہ جانچ کا کام بعد میں ہوگا۔‘‘

04 Sep 2018, 4:18 PM
ڈالر کے مقابلہ روپیہ تاریخی نچلی سطح پر

ڈالر کے مقابلہ تاریخ کی نچلی سطح پر پہنچ گئے روپیہ کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ ڈالر کی قیمت اب 71.56 روپے فی ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔


04 Sep 2018, 3:14 PM

ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی گراوٹ کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ منگل کے روز روپے میں ریکارڈ گراوٹ درج کی گئی اور ہندوستانی کرنسی کی قدر تاریخ کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئی۔

صبح کاروبار میں تنزلی کے ساتھ شروعات ہونے کے بعد روپے کی قدر 71.42 روپے فی ڈالر تک گر گئی۔

04 Sep 2018, 1:38 PM
مالیگاؤں دھماکہ معاملہ میں کرنل پروہت کی عرضیاں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سے خارج

مالیگاؤں دھماکہ معاملہ میں لیفٹیننٹ کرنل شری کانت پروہت کی اس درخواست پر سپریم کورٹ نے غور کرنے سے انکار کر دیا ہے جس میں اس نے مالیگاؤں دھماکہ کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

وہیں دوسری طرف بامبے ہائی کورٹ نے بھی اس معاملہ میں کرنل پروہت اور دیگر ملزمان کے خلاف ٹرائل کورٹ کی طرف سے فرد جرم عائد کرنے کے عمل پر روک لگانے سے انکار کر دیا۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ یو اے پی اے کے تحت ان پر مقدمہ چلایا جائے یا نہیں اس کا فیصلہ بھی ٹرائل کورٹ کرے گا۔

سپریم کورٹ میں جسٹس رنجن گوگوئی، نوین سنہا اور کے ایم جوزف کی بنچ نے کہا کہ پروہت کی عرضی معاملہ کے ٹرائل کو متاثر کر سکتی ہے۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے پروہت کو ٹرائل کورٹ میں اپنے دعوے کو پیش کرنے کی اجازت دی ہے۔


04 Sep 2018, 1:27 PM
ممبئی کے ملاڈ علاقہ میں آتشزدگی، آگ بجھانے کی کوشش  

ممبئی کے ملاڈ ویسٹ کے سومواری بازار علاقہ میں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں موقع پر موجود ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہے۔

04 Sep 2018, 12:52 PM

حیدرآباد دھماکہ: این آئی اے عدالت سے 2 افراد قصوروار قرار، 2 ملزمان بری 

حیدرآباد کے دو بم دھماکہ معاملات میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے 2 افراد کو قصوروار قرار دیا ہے۔ دو ملزمان کو عدالت کی طرف سے بری کر دیا گیا ہے۔

حیدرآباد میں 25 اگست 2007 کو دو بم دھماکے ہوئے تھے۔ پہلا دھماکہ کوٹی علاقہ کے گوکل چاٹ بھنڈر پر جبکہ دوسرا دھماکہ شہر کے سیاحتی مقام لمبنی پارک میں ہوا تھا۔ ان دھماکوں میں 42 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 50 سےا زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔


04 Sep 2018, 11:37 AM
راجستھان کے جودھپور میں ہندوستانی فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ

جے پور: راجستھان کے جودھپور کے دیوریا گاؤں میں آج صبح فضائیہ کا جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ تاہم اس حادثہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

طیارہ کے گرتے ہی افراتفری مچ گئی اور ارد گرد کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ طیارہ کے گرنے سے ارد گرد آگ لگ گئی جسے بجھانے کا کام کیا جا رہا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوج اور مقامی پولس انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ طیارے میں پہلے آگ لگی اور بعد میں وہ بے قابو ہوکر نیچے گر گیا۔ طیارہ کے پائلٹ اور معاون پائلٹ نے خود کو بچا لیا۔ حادثہ کی تفصیلات کا انتظار ہے۔ فوج کے افسران حادثے کے اسباب کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

04 Sep 2018, 9:24 AM
حیدرآباد میوزیم سے نظام کی نادر اشیا کی چوری

حیدرآباد: حیدرآباد کے میر چوک تھانہ علاقہ میں واقع نظام میوزیم سے پیر کے روز نایاب اشیاء کو چرا لیا گیا۔ چوروں نے آصف سابع میرعثمان علی خان کا ایک ٹفن باکس، پیالی، تشتری اور ایک سونے کا چمچ چرا لیا۔ چوری کی واردات کے بعد شہر میں سنسنی پھیل گئی اور آناً فاناً میں پولس موقع پر پہنچ گئی۔ پولس نے معاملہ درج کر کے چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق چور میوزیم میں نصب ایگزاسٹ فین کو توڑ کر اندر داخل ہوا اور وہاں موجودہ سی سی ٹی وی کیمروں کو توڑ دیا۔ اس کے بعد میوزیم سے طلائی اشیاء شاہی ٹفن، پیالی، تشتری اور چمچ چرا کر لے گیا۔

بڑی خبر: علی گڑھ میں دو بسوں کی زبردست ٹکّر، 9 ہلاک، درجنوں زخمی

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔