’ہری اوم کو انصاف دو، یوگی حکومت نسلی دہشت گردی پر شرم کرو‘، رائے بریلی ماب لنچنگ پر این ایس یو آئی کا ملک گیر مظاہرہ

این ایس یو آئی چیف ورون چودھری نے کہا کہ ’’ہری اوم کی ماب لنچنگ صرف ایک دلت نوجوان کا قتل نہیں ہے، بلکہ انسانیت اور آئین پر براہ راست حملہ ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ورون چودھری و این ایس یو آئی کارکنان، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/varunchoudhary2">@varunchoudhary2</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دلت نوجوان ہری اوم کی رائے بریلی میں ہوئی ماب لنچنگ کے بعد پورے ملک میں غم و اندوہ کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ این ایس یو آئی نے آج اس واقعہ کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اتر پردیش کے رائے بریلی میں ’بابا‘ گروپ سے منسلک لوگوں کے ذریعہ کیے گئے اس بہیمانہ قتل نے ایک بار پھر یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی بی جے پی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ خاص طور سے دلتوں کی حفاظت اور نسلی تشدد پر قابو پانے میں اس حکومت کی ناکامی ظاہر ہو گئی ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق جب ہری اوم نے اپنی جان کی بھیک مانگتے ہوئے راہل گاندھی کا نام لیا تو بھیڑ نے جواب دیا ’ہم بابا والے ہیں‘۔ یہ کہہ کر شر پسند دلت نوجوان کو بے رحمی سے پیٹنے لگے اور زخموں کی تاب نہ لا کر وہ موت کی نیند سو گیا۔ این ایس یو آئی نے شرپسندوں کے ذریعہ دیے گئے مذکورہ بالا خوفناک بیان کو آر ایس ایس-بی جے پی نظریات کے تحت پھیلائی جا رہی نسل پرستی قرار دیا ہے۔


این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری نے چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں ریاست کے وزیر داخلہ کی رہائش کے باہر ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔ اسی دوران دہلی، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، راجستھان، ہریانہ اور کئی دیگر اضلاع میں بھی این ایس یو آئی لیڈران و طلبا نے سڑکوں پر اتر کر ہری اوم کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔

اس اندوہناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ورون چودھری نے کہا کہ ’’ہری اوم کی ماب لنچنگ صرف ایک دلت نوجوان کا قتل نہیں، بلکہ انسانیت اور آئین پر براہ راست حملہ ہے۔ یوگی حکومت کی خاموشی اس کی نسلی تفریق اور انصاف دینے میں ناکامی کو ظاہر کرتی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آر ایس ایس-بی جے پی کا سسٹم مستقل دلتوں اور راہل گاندھی کے خلاف نفرت پھیلا رہا ہے، جو ہمیشہ محروموں کی آواز بنے رہے ہیں۔ جب تک ہری اوم کے کنبہ کو ایک کروڑ روپے کا معاوضہ، سرکاری ملازمت نہیں ملتی اور قاتلوں پر تعزیرات ہند کی دفعہ 302 اور انسداد ایس سی-ایس ٹی مظالم ایکٹ کے تحت سخت کارروائی نہیں ہوتی، این ایس یو آئی خاموش نہیں بیٹھے گی۔‘‘


ورون چودھری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو اس شرمناک واقعہ کے لیے دلت سماج سے معافی مانگنی چاہیے اور اپنے دورِ حکومت میں بڑھتے نسلی تشدد کی ذمہ داری لینی چاہیے۔ ساتھ ہی ورون نے این ایس یو آئی کا یہ عزم دہرایا کہ وہ نسلی مظالم، نفرت کی سیاست اور اسٹیٹ اسپانسرڈ تفریق کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔ انھوں نے ہر طلبا اور شہری سے انصاف، مساوات اور آئینی اقدار کی حفاظت کے لیے آگے آنے کی اپیل بھی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔