غازی آباد واقع اسکول میں تلک اور کلاوا نہیں ہٹانے والی طالبات کو باہر نکالا گیا، ہندو تنظیموں کا ہنگامہ، پرنسپل ناراض

پیشانی پر تلک یعنی ٹیکا لگانے کی وجہ سے کچھ طالبات کو اسکول سے باہر نکال دیا گیا تھا۔ اس کی جانکاری جب ہندو تنظیموں کو لگی تو لوگوں کی بھیڑ اسکول کے باہر جمع ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>تلک اور کلاوا کے ساتھ کالج طالبات، علامتی تصویر، میٹا اے آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

غازی آباد کے اسکول میں اُس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا جب کچھ طالبات کو اس لیے نکال دیا گیا کیونکہ وہ ٹیکا لگا کر اور کلاوا پہن کر آئی تھیں۔ جب انھیں یہ سب ہٹانے کے لیے کہا گیا تو طالبات نے انکار کر دیا۔ جب ان طالبات کو اسکول سے نکال دیا گیا اور یہ خبر ہندو تنظیموں تک پہنچی تو وہ ہنگامہ کرتے ہوئے کالج تک پہنچ گئے۔

بتایا جاتا ہے کہ معاملہ غازی آباد کمشنری کے وجئے نگر علاقہ کے ایک انٹر کالج کا ہے۔ وہاں کچھ طالبات کو اسکول کی ٹیچرس نے تلک اور کلاوا نہ ہٹانے پر اسکول سے باہر نکال دیا۔ واقعہ گزشتہ ہفتہ منگل کا ہے۔ ’راجکیہ کنیا انٹر کالج‘ میں اُس دن کچھ طالبات پیشانی پر ٹیکہ لگا کر اور ہاتھوں میں کلاوا باندھ کر آئی تھیں۔ اسی عمل نے تنازعہ پیدا کر دیا۔


موصولہ اطلاع کے مطابق پیشانی پر تلک لگانے کی وجہ سے کچھ طالبات کو اسکول سے باہر نکال دیا گیا تھا۔ اس کی جانکاری جب ہندو تنظیموں کو لگی تو انھوں نے اسکول میں بھیڑ جمع کر دیا اور ہنگامہ شروع ہو گیا۔ جب طالبات کے گھر والوں کو اس واقعہ کی اطلاع ملی تو وہ بھی کالج پہنچ گئے۔ سبھی اسکول کی ٹیچرس سے بحث کرنے لگے اور طالبات کے ساتھ ہوئی کارروائی کے خلاف آواز اٹھانے لگے۔

یہ ہنگامہ بدھ کے روز پیش آیا۔ اسکول کے اندر حالات زیادہ بگڑتے، اس سے پہلے ہی پولیس پہنچ گئے۔ پھر پولیس نے کالج میں موجود بھیڑ کو کسی طرح سمجھا کر خاموش کرایا اور واقعہ کی تحقیقات کا بھروسہ بھی دلایا۔ اس تنازعہ کے تعلق سے اسکول پرنسپل ڈاکٹر وبھا چوہان نے بتایا کہ انھیں اس کی جانکاری پہلے سے نہیں تھی۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی دقت ہے تو پہلے اسکول انتظامیہ سے بات کرنی چاہیے تھی۔ اس طرح بھیڑ جمع کر کے ہنگامہ کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں۔


وبھا چوہان کا کہنا ہے کہ اگر کالج انتظامیہ سے شکایت کی جاتی اور پھر بھی کوئی کارروائی نہیں ہوتی تو پھر آگے قدم بڑھایا جا سکتا تھا۔ چونکہ اسکول میں طالبات پڑھتی ہیں، اس لیے اچانک یہاں پر آ کر ماحول بگاڑنا کسی بھی طرح مناسب نہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسکول میں سیاسی مظاہرہ کو قطعاً برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ بہرحال، پولیس اس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جانچ کے بعد جو بھی قصوروار پایا جائے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔