حکومت رام مندر پر آرڈینینس نہیں لائی تو اگلے سال دیوالی نہیں: گری راج

مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے اپنی ہی حکومت کو چیلنج کر دیا ہے کہ اگر وہ رام مندر تعمیر کرنے کے لئے آرڈینینس نہیں لائی تو ہندوؤں کو اگلے سال دیوالی نہیں منانی چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا 
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

عام انتخابات کی تاریخیں جیسے جیسے قریب آ رہی ہیں ویسے ویسے بی جے پی کی گھبراہٹ بڑھ رہی ہے اور اسی کے ساتھ رام اور رام مندر کی یاد ستا رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے ایودھیا میں رام مندر تعمیر میں ہو رہی تاخیر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آرڈینینس لاکر مندر بنانے کی راہ میں آرہی رکاوٹوں کو دور کیا جاناچاہیے۔

چھوٹی، مائکرو اور درمیانہ صنعت کے وزیر گری راج سنگھ نے گزشتہ روز کالکاجی مندر میں سناتن ہندو واہنی کے چوتھے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیسی ستم ظریفی ہے کہ برسوں سے رام للا ترپال کے نیچے رہ رہے ہیں اور ہم سب اپنے گھروں میں آرام سے زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رام کروڑوں ہندوؤں کی پرستش کا مرکز ہیں اور جب ان کے ساتھ ایسا ہورہا ہے اور سپریم کورٹ سے بھی امید کھوجائے تو ہندو طبقہ کا مشتعل ہونا فطری ہے۔

گری راج سنگھ نے رام مندر کی تعمیر میں ہورہی تاخیر سے ہندو سماج کا صبر جواب دے رہا ہے۔ حکومت کو شری رام جنم بھومی پر شاندار رام مندر بنانے کے لیے آرڈینینس لاکر ہندوؤں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیے۔ حکومت نے ایسا نہیں کیا تو ہر ایک ہندو کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ اگلے برس وہ دیوالی کا تہوار نہیں منائیں گے۔

اس موقع پر کالکا مندر کے مہنت سریندر ناتھ اودھوت نے کہا کہ روہنگیا مسلمان ملک کی داخلی سلامتی کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ روہنگیا ملک میں دستیاب تمام سہولیات لے کر عام شہریوں کو دستیاب عوامی سہولیات کا فائدہ لے رہے ہیں۔ ان کی پیروی کرنے والوں کو ملک سے نکال دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ملک کے لئے دھماکہ خیز صورتحال اختیار کر رہی آبادی پر کنٹرول کرنے کے لئے بھی سخت قوانین کی مانگ کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Nov 2018, 9:09 AM