گیانواپی مسجد معاملہ: مندر ٹرسٹ نے کیا جنوبی تہہ خانے کی چھت کی مرمت کا مطالبہ

کاشی وشوناتھ مندر ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وشو بھوشن مشرا نے گیانواپی مسجد کے جنوبی تہہ خانے کی چھت کی مرمت کے لیے ضلع جج کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے

<div class="paragraphs"><p>گیانواپی مسجد / آئی اے این ایس</p></div>

گیانواپی مسجد / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

وارانسی: کاشی وشوناتھ مندر ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وشو بھوشن مشرا نے گیانواپی مسجد کے جنوبی تہہ خانے کی چھت کی مرمت کے لیے ضلع جج کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ پیر کو دی گئی درخواست میں کہا گیا کہ نماز ادا کرنے والے ہجوم کی وجہ سے پیدا ہونے والی لرزش کے سبب چھت سے پتھر گر گیا۔

گیانواپی مسجد سے متعلق مقدمات کے خصوصی سرکاری وکیل راجیش مشرا نے کہا کہ مندر ٹرسٹ کے سی ای او نے جنوبی تہہ خانے کی چھت پر نماز کے لیے آنے والے نمازیوں کی بھیڑ کو روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے درخواست پر سماعت کے لیے 19 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔ اپنی درخواست میں مشرا نے تذکرہ کیا کہ ضلع جج کی عدالت کے 31 جنوری کے حکم کے مطابق، مندر کے ٹرسٹ بورڈ نے گیانواپی مسجد کے جنوبی تہہ خانے کے اندر دیوتاؤں کی باقاعدہ پوجا کرنے کے لیے ایک پجاری کا انتظام کیا ہے۔


انہوں نے کہا، ’’پجاری نے بتایا کہ تہہ خانے کی دیواریں اور چھت خستہ حالت میں ہیں اور چھت سے پانی بھی ٹپک رہا ہے۔ چھت کے شہتیر میں ایک شگاف ظاہر ہو رہا ہے۔ پچھلے چند ہفتوں میں یہاں نماز پڑھنے کے لیے آنے والوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’15 فروری کو بہت سے نمازی جنوبی تہہ خانے کی چھت پر جمع ہوئے۔ زیادہ وزن اور لرزش کی وجہ سے پتھر کا ایک ٹکڑا ٹوٹ کر فرش پر گر پڑا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے چھت کی مرمت ضروری ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔