مودی صرف ٹی وی کے وزیر اعظم ہیں۔ آزاد

غلام نبی آزاد نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سیدھا حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کے وزیر اعظم ٹیلی ویژن والے ہیں جبکہ کانگریس وزرائے اعظم زمین سے جڑے ہوئے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

میرٹھ۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد نے میرٹھ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی پر جم کر حملہ کیا اور کہا کہ مودی حکومت نے عوام کے ساتھ وعدہ خلافی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو روزگار میسر نہیں ہو رہا، جو کاروبار تھے وہ تباہ ہو چکے ہیں حتی کے ان کے بدن کے کپڑے بھی اتر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہرو اور اندرا نے ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جبکہ بی جے پی کی حکومت لوگوں کو برباد کر رہی ہے۔ غلام نبی آزاد میرٹھ کی سی سی ایس یونیورسٹی میں منعقدہ اندرا گاندھی کی پیدائش کی صد سالہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔



مودی صرف ٹی وی کے وزیر اعظم  ہیں۔ آزاد

غلام نبی آزاد نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جب ٹی وی پر نمودار ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم نے 70 سالوں میں کیا کیا۔ آج ہم 120 کروڑ لوگوں کے لئے اناج پیدا کرتے ہیں جبکہ آزادی سے قبل ہم 20 کروڑ لوگوں کے لئے بھی اناج پیدا نہیں کر پاتے تھے۔ انہوں نے کہا، ’’بنگال میں جب 40 کی دہائی میں قحط پڑا تھا تو 10 لاکھ لوگ مارے گئے تھے جبکہ آج ملک میں کوئی بھوکا نہیں مرتا ۔ اتنا ہی نہیں آج ہم اناج ، چاول اور دیگر چیزیں بیرونی ممالک میں بھیجتے ہیں اور یہ سب ہم نے 70 سالوں میں ہی کیا ہے۔ ‘‘ آزاد نے مودی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، ’’آپ تو محض ٹی وی کے وزیر اعظم ہو جبکہ ہمارے وزرائے اعظم زمین سے جڑے ہوئے تھے۔ ‘‘

غلام نبی آزاد نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اندرا جی نے 14 بینکوں کو قومی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بینک صرف صنعت کاروں کو قرض دیتے تھے لیکن بینکوں کے قومی ہو جانے کے بعد کسانوں اور نوجوانوں کو قرض حاصل ہونے لگا۔



مودی صرف ٹی وی کے وزیر اعظم  ہیں۔ آزاد

آزاد نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 10 کروڑ لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ، 10 کروڑ نوجوانوں روزگار تو نہیں ملا اس کے بر عکس 15 کروڑ لوگ بے روزگار ہو گئے ، ان کے بدن پر جو کپڑے تھے وہ بھی اتر گئے اور آج ملک میں نفسہ نفسی کا عالم ہے۔

غلام نبی آزاد نے کہا کہ آج ہم اندرا گاندھی کی پیدائش کی صد سالہ تقریب منا رہے ہیں۔ اندرا کو گھر چلانے کے لئے رکن پارلیمنٹ یا وزیر اعظم نہیں بننا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جتنی اندرا گاندھی کو جدو جہد کرنی پڑی اتنی شاید ہی کسی دوسرے رہنما کو کرنی پڑی ہو۔

کئی واقعات کا ذکر کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ جس بی جے پی کے سب سے بڑے رہنما سابق وزیر اعظم اٹل بہاری باجپئی پارلیمنٹ میں اندرا گاندھی کو دیوی ’درگا ‘کا ’اوتار ‘ کہہ کر مخاطب کر چکے ہیں وہی بی جے پی اب ہر جگہ ملک کی ترقی میں کانگریس کے تعاون پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کانگریس کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو پھر سے مضبوط کرنے کے لئے انہیں تاریخ کا مطالعہ کرنا ہوگا۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Oct 2017, 10:16 AM