الیکٹورال بانڈ منصوبہ ایک سازش ہے: غلام نبی آزاد

غلام نبی آزاد نے کہا کہ الیکٹورال بانڈ میں کوئی بھی یہاں تک کہ جعل ساز اور گینگسٹر بھی چندہ دے سکتا ہے، حکومت اس پر تمام تفصیلات کو عام کرے اور وزیر اعظم اس سنجیدہ معاملہ میں مداخلت کریں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے بدھ کے روز ’الیکٹورال بانڈ‘ کے معاملے پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اس منصوبے کو ایک سازش قرار دیا۔ آزاد نے چندہ دینے والے کا نام ظاہر نہ کرنے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کو نافذ کرنے سے قبل الیکشن کمیشن اور ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے بھی اعتراض اٹھایا تھا۔

کانگریس رہنما نے کہا، ’’الیکٹورال بانڈ کا اجرا ایک سازش تھی۔ یہ اس وعدے کے ساتھ جاری کیا جاتا ہے کہ چندہ دینے والے کو اپنی اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنی ہوگی۔ سیاسی جماعتیں بھی چندہ دہندگان کی شناخت ظاہر نہیں کر سکتیں۔ آر بی آئی نے اس کی مخالفت کی تھی۔ آر بی آئی نے کہا تھا کہ اس سے منی لانڈرنگ کو فروغ ملے گا۔‘‘


آزاد نے کہا، ’’اس منصوبہ سے یہ ظاہر نہیں ہوتا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو کون فنڈ دیتا ہے۔ چندہ کوئی جعل ساز یہاں تک یہاں تک کہ کوئی گینگسٹر بھی دے سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بھی اس کی مخالفت کی تھی۔ کمیشن نے کہا تھا کہ اس سے چندے کی شفافیت ختم ہو جائے گی۔ سیاسی جماعتیں جعلی کمپنیوں کے ذریعے کالے دھن کا استعمال کریں گی۔‘‘

آزاد نے بدھ کے روز پارلیمنٹ میں بھی یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔ وقفہ سوالات میں انہوں نے حکومت سے الیکٹورال بانڈ کے حوالہ سے معلومات طلب کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس میں مداخلت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا، ’’آج ہم جس کے بارے میں بات کر رہے ہیں اس کا براہ راست تعلق دفتر وزیر اعظم سے ہے۔ بی جے پی حکومت ملک میں 90 فیصد کاروبار صرف چند صنعت کاروں کے ساتھ کر رہی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */