غازی آباد: اندرا پورم میں آگ کا قہر، گوڑ گرین ایوینیو کی 9 سے 12 ویں منزل تک 8 فلیٹ خاکستر

فلیٹ میں رہنے والے سنیل نے بتایا کہ ان کا خاندان بڑی مشکل سے فلیٹ سے باہر نکل پایا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سوسائٹی میں آگ پر قابو پانے کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے۔ بلڈر کو کچھ انتظام کرنا چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

قومی راجدھانی سے متصل اتر پردیش کے غازی آباد میں واقع گوڑ گرین ایونیو سوسائٹی میں بدھ کی صبح زبردست آگ لگ گئی۔ آتشزدگی کا سلسلہ 13 منزلہ عمارت کی 9 ویں منزل پر واقع ایک فلیٹ سے شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے کئی فلیٹوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ 9 ویں سے 12 ویں منزل تک 8 فلیٹ پوری طرح جل چکے ہیں۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچییں اور تقریباً 2 گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔

اس سلسلے میں 12 ویں منزل پر رہنے والے سنیل کا کہنا ہے کہ وہ دہلی میں تھے، جیسے ہی آگ لگنے کی خبر ملی، انہوں نے اپنے گھر والوں سے بات کی، بچے رو رہے تھے۔ خاندان بڑی مشکل سے فلیٹ سے باہر نکلا ہے۔ سنیل نے الزام لگایا کہ سوسائٹی میں آگ پر قابو پانے کا بھی کوئی انتظام نہیں ہے۔ بلڈر کو کچھ انتظام کرنا چاہیے۔ سنیل کے مطابق ان کے فلیٹ کی مالیت 2.5 کروڑ روپے ہے جو مکمل طور پر خاکستر ہو گیا ہے۔


آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آگ کے شعلے ایک ٹاور سے دوسرے ٹاور تک پھیل گئے اور وہاں کے بھی 2 فلیٹوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ حالانکہ یہ راحت کی بات یہ رہی کہ آگ لگتے ہی سوسائٹی کے مکینوں نے چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمارت کو فوری طور پر خالی کردیا۔ تمام رہائشی بروقت باہر نکل آئے، اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ 20 سے زائد فائر ٹینڈروں نے آگ بجھانے کا کام انجام دیا۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینس اور پولیس کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد راحت اور بچاؤ کارروائیاں تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔


آگ لگنے کی وجہ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ بتایا جارہا ہے حالانکہ اصل وجہ تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔ انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ اس دوران اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس واردات کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے حکام کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے اور راحت اور بچاؤ کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے پولیس کمشنر اور ضلع مجسٹریٹ کو بھی جائے وقوعہ پر موجود رہ کر صورتحال پر نظر رکھنے کا حکم دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔