یوگی حکومت کے 4 سال میں یو پی بے حال، جی ڈی پی، جرائم اور روزگار کی حالت خستہ

سال 2017 میں بی جے پی حکومت آنے کے بعد یو پی میں رام راج لانے کے دعوے کیے گئے تھے، ریاست کو جرائم سے پاک بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا تھا، لیکن 4 سال بعد جب جائزہ لیا جاتا ہے تو کہانی الٹی نظر آتی ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ / تصویر ٹوئٹر
یوگی آدتیہ ناتھ / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں آئندہ سال اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ کو یو پی کے وزیر اعلیٰ بنے 4 سال ہو گئے ہیں۔ ان چار سالوں میں یو پی کی کتنی ترقی ہوئی، اس پر مباحثے شروع ہو گئے ہیں۔ بی جے پی حکومت کی پالیسیوں اور کارگزاریوں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔ ’جن ستّا‘ میں شائع ایک خبر کے مطابق 2017 میں یوگی آدتیہ ناتھ کے ریاست کا وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ایک طرف ریاست کی جی ڈی پی میں گراوٹ آئی ہے تو دوسری طرف شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں بے روزگاری بڑھی ہے۔ علاوہ ازیں سوشل سیکٹر کے خرچ میں بھی تخفیف ہوئی ہے۔

آر بی آئی کے اعداد و شمار پر غور کریں تو سال 2011 سے 2017 کے درمیان اتر پردیش کی جی ڈی پی 6.9 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی تھی، لیکن بی جے پی جب 2017 میں اقتدار میں آئی تو اس میں کمی شروع ہو گئی۔ 2017 سے 2020 کے درمیان یہ گھٹ کر 5.6 فیصد کی شرح پر پہنچ گئی۔ اسی طرح اتر پردیش میں سال 2011 سے 217 کے درمیان سوشل سیکٹر پر جتنا خرچ کیا جا رہا تھا، اس میں بھی 2.6 فیصد کی تخفیف کر دی گئی۔


جی ڈی پی کے ساتھ ساتھ روزگار کے محاذ پر بھی یو پی والوں کو جھٹکا لگا۔ سال 12-2011 میں شہری علاقوں میں 1000 میں سے 41 لوگ بے روزگار تھے۔ 18-2017 کے درمیان یہ نمبر بڑھ کر 97 تک پہنچ گیا اور 19-2018 کے درمیان تو یہ 106 تک پہنچ گیا۔ دیہی علاقوں میں بھی اس دوران بے روزگاری بڑھی۔ دیہی علاقوں میں 12-2011 کے درمیان ہر 1000 میں سے 9 لوگ بے روزگار تھے۔ 18-2017 میں یہ نمبر بڑھ کر 55 تک پہنچ گیا۔ حالانکہ 19-2018 میں حالات کچھ بہتر ہوئے اور یہ تعداد 43 تک پہنچ گئی۔

غور طلب ہے کہ سال 2017 میں بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد یو پی میں رام راج لانے کے دعوے کیے گئے تھے۔ اتر پردیش کو جرائم سے پاک بنانے کا بھی عزم ظاہر کیا گیا تھا اور ساتھ ہی ترقی کی گنگا بہانے کی بھی باتیں ہوئی تھیں، لیکن اب 4 سال بعد جب یوگی حکومت کا جائزہ لیا جاتا ہے تو کہانی کچھ الٹی ہی نظر آتی ہے۔ جرائم پر مبنی اعداد و شمار حیران کرنے والے ہیں اور بڑی تعداد میں ہوئے انکاؤنٹر کے باوجود جرائم میں اضافہ ہی درج کیا گیا ہے۔ یوگی راج میں دلتوں کے خلاف جرائم کے واقعات کچھ زیادہ ہی تیزی کے ساتھ بڑھے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سال 2017 میں جہاں دلتوں کے خلاف ہونے والے کل جرائم کے واقعات 27 فیصد تھے، وہیں 2019 میں یہ بڑھ کر 28.6 فیصد تک پہنچ گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔